ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کیسز سنگین مسئلہ ہے، سعید غنی
Web Desk
5 July 2026
صوبائی وزیر محنت، افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) کے زیر انتظام ولیکا اسپتال میں بچوں میں ایچ آئی وی (HIV) کیسز کا سامنے آنا ایک انتہائی سنگین اور تشویشناک مسئلہ ہے، جس کی مکمل تہہ تک پہنچ کر ذمہ داران کو سخت سزا دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے انکشاف کیا کہ ولیکا اسپتال میں اب تک متاثرہ 78 بچوں کا ڈیٹا سامنے آ چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کوئی چھوٹا مسئلہ نہیں ہے، اس میں یقیناً کسی نہ کسی سطح پر مجرمانہ کوتاہی برتی گئی ہے۔ اس گھناؤنے فعل کے مرتکب جو بھی افسران، ڈاکٹرز یا پیرا میڈیکل اسٹاف ہوں گے، انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متاثرہ بچوں کے اہلخانہ کو یقین دلایا کہ محکمہ محنت اور حکومتِ سندھ ان بچوں کے مکمل علاج معالجہ کی ذمہ داری اٹھائے گی اور متاثرین کو کسی موڑ پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے واقعے کا پس منظر بتاتے ہوئے کہا کہ ستمبر 2025 میں جب انہوں نے دوبارہ محکمہ محنت کا قلمدان سنبھالا، تو اس کے فوراً بعد اکتوبر 2025 کے آخری ہفتے میں یہ دلخراش معاملہ ان کے علم میں آیا۔ انہوں نے اسی روز ہنگامی اجلاس بلا کر حقائق معلوم کیے اور ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ 29 اکتوبر 2025 کو بننے والی پہلی کمیٹی کی سفارشات پر غفلت کے مرتکب کچھ افسران کو فوری طور پر معطل کیا گیا تھا، جس کے بعد 7 نومبر کو صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کے پاس دائر درخواست پر ان کی ہدایات کے مطابق ایک اور انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ اب تک سامنے آنے والے تمام 78 کیسز اکتوبر 2025 سے قبل کے ہیں اور چونکہ کچھ بچوں کے والدین ابھی تک کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے، اس لیے حتمی تعداد کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ حکومت اس سنگین غفلت کے پیچھے چھپے اصل کرداروں کو بے نقاب کر کے رہے گی۔
متعلقہ عنوانات
ایس آئی ایف سی کی ریگولیٹری اصلاحات، کاروباری آسانیوں کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت
23 August 2026
بلاول بھٹو کا آزاد کشمیر میں بارشوں سے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس
23 August 2026
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کل سے 28 اگست تک برطانیہ کا سرکاری دورہ کریں گے
23 August 2026
جماعت اسلامی کا 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر ہڑتال کا اعلان
23 August 2026
مہنگی منگوائی گئی چینی سستی برآمدکرنےکی اجازت، قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان
23 August 2026
عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا حکم، اسلام آباد انتظامیہ نے نظرثانی اپیل کی جلد سماعت کی درخواست دائر کر دی
22 August 2026
وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان ریلویز کا مزید دو ٹرینیں بحال کرنے کا اعلان
22 August 2026
پیپلز پارٹی کو انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی گئی: وزیراعظم آزاد کشمیر
22 August 2026