ٹی وی چینلز سے اشتہاراتی آمدن پر 5 فیصد محصول کے پیمرا نوٹسز کے خلاف کیس، فیصلہ محفوظ
Web Desk
6 January 2026
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹی وی چینلز کو اشتہارات کی مد میں سالانہ آمدنی کا پانچ فیصد بطور محصول جمع کرانے کے پیمرا نوٹسز کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ یہ سماعت جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) سمیت آٹھ ٹی وی چینلز کی درخواستوں پر کی۔
سماعت کے دوران پی بی اے اور ٹی وی چینلز کی جانب سے فیصل صدیقی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل پی بی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ پیمرا نے 13 سال کے عرصے کی تقریباً دو ارب روپے کے قریب رقم جمع کرانے کے نوٹس جاری کیے ہیں، حالانکہ ٹی وی چینلز کو برسوں قبل لائسنس دیے گئے تھے اور اس سے پہلے کبھی اشتہاراتی آمدن سے پانچ فیصد ادائیگی کا تقاضا نہیں کیا گیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ پیمرا اشتہارات کی آمدنی پر پانچ فیصد سالانہ محصول کا مطالبہ پیمرا رولز 2009 کے شیڈول بی کی بنیاد پر کر رہا ہے، جبکہ پیمرا کے پاس ٹیکس عائد کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں۔ وکیل کے مطابق پیمرا پہلے ہی ٹی وی چینلز سے سالانہ لائسنس فیس وصول کرتا ہے۔
دوسری جانب پیمرا کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ٹی وی چینلز نے آج تک اشتہارات کی سالانہ آمدن کا پانچ فیصد پیمرا کو ادا نہیں کیا، اور ڈیمانڈ نوٹس کے مطابق اربوں روپے کی رقم بنتی ہے۔
اس موقع پر فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ کوئی بھی چینل اتنی بڑی رقم ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا، اور اگر ایسا کیا گیا تو چینلز کا چلنا ممکن نہیں رہے گا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پی بی اے اور ٹی وی چینلز کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ واضح رہے کہ پی بی اے اور ٹی وی چینلز نے پیمرا کے ان نوٹسز کے خلاف 2022 میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر عدالت پہلے ہی اشتہارات کی سالانہ آمدن پر پانچ فیصد محصول کی ادائیگی کے نوٹسز پر حکمِ امتناع جاری کر چکی ہے۔
متعلقہ عنوانات
وزیراعظم سے آذربائیجان کے سفیر کی الوداعی ملاقات، خضر فرہادوف کی خدمات کو سراہا
31 July 2026
دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب
31 July 2026
قائداعظم محمد علی جناح کی بہن فاطمہ جناح کی آج سالگرہ منائی جا رہی ہے
31 July 2026
سورینج حادثہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محکمہ مائنز اینڈ منرلز سے رپورٹ طلب کر لی
31 July 2026
منشیات ڈیلر انمول پنکی کیخلاف درج مقدمے سے قتل کی دفعات ختم
31 July 2026
کوئٹہ کے نواحی علاقے میں کوئلے کی کان میں دھماکا، 32 کان کن جاں بحق
31 July 2026
علیم خان صرف بیان نہ دیں، استعفیٰ دے کر اپوزیشن بینچوں پر بیٹھیں: سوشل میڈیا صارفین کا شدید ردِعمل
30 July 2026
ہمارے مخالفین آپس میں کسی بات پر متفق نہیں، ہماری سیاست صرف ترقی ہے: احسن اقبال
30 July 2026