سیڑھیاں چڑھتے ہوئے اکثر افراد کا سانس کیوں پھول جاتا ہے؟
Web Desk
9 March 2026
کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ چند منزل سیڑھیاں چڑھنے کے بعد سانس پھولنے لگتی ہے؟ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ مسئلہ صرف عام افراد کو ہی نہیں بلکہ میراتھن دوڑنے والے ایتھلیٹس کو بھی پیش آ سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق زمین پر دوڑنے کے مقابلے میں سیڑھیاں چڑھتے وقت جسم مختلف انداز سے کام کرتا ہے اور اس کی بنیادی وجہ ہمارے مسلز ہیں۔ مشی گن یونیورسٹی کے پروفیسر ٹموتھی جے مائیکل کے مطابق جسم کے پٹھوں میں دو اقسام کے مسل فائبرز ہوتے ہیں: ایک سست رفتار سے کام کرنے والے اور دوسرے تیزی سے متحرک ہونے والے۔
سست رفتار مسل فائبرز طویل فاصلے کی سرگرمیوں میں مدد دیتے ہیں اور تھکاوٹ کے خلاف مزاحمت رکھتے ہیں، جبکہ تیزی سے متحرک ہونے والے مسل فائبرز اس وقت استعمال ہوتے ہیں جب جسم کو اچانک زیادہ طاقت درکار ہو، جیسے چھلانگ لگانا یا سیڑھیاں چڑھنا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سیڑھیاں چڑھنا جسم کے لیے نسبتاً مشکل سرگرمی ہے کیونکہ اس دوران جسم کو زیادہ طاقت درکار ہوتی ہے۔ مڈ ویسٹرن اسٹیٹ یونیورسٹی کے فزیولوجسٹ پروفیسر فرینک وائٹ کے مطابق اس عمل کے دوران جسم میں کاربن ڈائی آکسائیڈ اور ہائیڈروجن کے حوالے سے حساسیت بڑھ جاتی ہے جس سے تھکاوٹ جلد محسوس ہونے لگتی ہے اور سانس تیز ہو جاتی ہے۔
سیڑھیاں چڑھنے کے دوران کششِ ثقل کے خلاف کام کرنا بھی سانس پھولنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ ماہرین کے مطابق اس دوران انسان اپنے جسمانی وزن کو اوپر کی جانب اٹھا رہا ہوتا ہے، جس کے لیے زیادہ مسلز اور توانائی درکار ہوتی ہے۔
اس کے علاوہ روزمرہ زندگی میں سیڑھیاں چڑھنے سے پہلے کسی قسم کا وارم اپ نہ کرنا بھی اس مسئلے کی ایک وجہ ہے۔ جب مسلز اچانک زیادہ محنت کرتے ہیں تو جسم کو زیادہ آکسیجن درکار ہوتی ہے اور سانس تیز ہو جاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سیڑھیاں چڑھنے کے دوران بعض ایسے مسلز بھی استعمال ہوتے ہیں جو عام طور پر کم متحرک ہوتے ہیں، اسی وجہ سے یہ سرگرمی بظاہر آسان ہونے کے باوجود جسم کے لیے زیادہ مشکل ثابت ہوتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق اگر سیڑھیاں چڑھتے وقت سانس پھول جائے تو ضروری نہیں کہ اس کا مطلب جسمانی کمزوری ہو، بلکہ یہ جسم کا قدرتی ردعمل بھی ہو سکتا ہے۔ تاہم اگر سانس لینے میں غیر معمولی دشواری یا سینے میں درد محسوس ہو تو ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔
متعلقہ عنوانات
ورزش سے دل پر مرتب ہونیوالے ایک حیرت انگیز اثر کا انکشاف
27 October 2026
خیبر پختونخوا میں ایم پاکس کے 4 نئے تصدیق شدہ کیسز رپورٹ
27 October 2026
کینسر کی واپسی کو 42 فیصد تک کم کرنے والی ویکسین تیار
27 October 2026
پی ایم ڈی سی کی میڈیکل اینڈ ڈینٹل ایڈمیشن پالیسی 2026 جاری، بھاری جرمانوں کا فیصلہ
27 October 2026
ادویات کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ قابلِ قبول نہیں: احد چیمہ
26 October 2026
پی ایم ڈی سی کی میڈیکل اینڈ ڈینٹل ایڈمیشن پالیسی 2026 جاری، بھاری جرمانوں کا فیصلہ
26 October 2026
سانس لینے کی مخصوص مشقیں ذہنی کیفیت تبدیل کر سکتی ہیں: تحقیق
26 October 2026
وزیراعظم 27 اکتوبر کو پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال کا افتتاح کریں گے: مصطفیٰ کمال
26 October 2026