لانڈری سے گھریلو معاونت تک ہر کام کرنے والا ’ایل جی‘ کا اے آئی روبوٹ
Web Desk
8 January 2026
کنزیومر الیکٹرانکس شو (سی ای ایس) دنیا کی سب سے بڑی اور بااثر ٹیکنالوجی نمائشوں میں شمار ہوتا ہے، جو ہر سال جنوری میں امریکی شہر لاس ویگاس میں منعقد ہوتی ہے۔ اس عالمی ایونٹ میں جدید ایجادات، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور اسمارٹ ہوم ٹیکنالوجی کے مستقبل کے رجحانات پیش کیے جاتے ہیں۔
سی ای ایس 2026 میں جہاں مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور اسمارٹ ہوم ٹیکنالوجی کے بڑے دعوے سامنے آئے، وہیں جنوبی کوریا کی معروف الیکٹرانکس کمپنی ایل جی نے ایک سادہ مگر توجہ حاصل کرنے والا مظاہرہ پیش کیا۔ امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی جانب سے جاری ایک ویڈیو میں ایل جی کا اے آئی سے لیس انسان نما بائی پیڈل روبوٹ ہوم اسسٹنٹ لانڈری جیسے روزمرہ گھریلو کام انجام دیتا دکھائی دیا، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔
ویڈیو میں روبوٹ آہستگی اور احتیاط کے ساتھ فرش سے کپڑے اٹھاتا، صوفے کے نیچے رکھی اشیاء تلاش کرتا، واشنگ مشین اور ڈرائر میں کپڑے لوڈ اور ان لوڈ کرتا، تولیے تہہ کرتا اور لانڈری ترتیب دیتا نظر آتا ہے۔ اگرچہ اس کی رفتار سست ہے، تاہم اس کی حرکات میں توازن، درستگی اور سینسر بیسڈ کنٹرول نمایاں دکھائی دیتا ہے، جو گھریلو ماحول میں محفوظ استعمال کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔
سی ای ایس 2026 میں مجموعی طور پر اے آئی ڈیجیٹل ساتھی اور گھریلو روبوٹکس ایک نمایاں تھیم کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنیاں اب تیز رفتار صنعتی روبوٹس کے بجائے ایسے نظام تیار کر رہی ہیں جو انسانوں کے ساتھ ایک ہی جگہ میں محفوظ انداز میں کام کر سکیں۔ ایل جی کا یہ روبوٹ اسی رجحان کی عکاسی کرتا ہے، جہاں رفتار کے بجائے تحفظ، خودمختاری اور انسانی ماحول سے مطابقت کو ترجیح دی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس روبوٹ پر ملا جلا ردِعمل سامنے آیا۔ کچھ صارفین نے اس کی سست رفتاری پر مزاحیہ تبصرے کیے، جبکہ بعض نے اس کا موازنہ ٹیسلا آپٹیمس جیسے طاقتور ہیومنائیڈ روبوٹس سے کیا۔ ٹیک ماہرین کے مطابق گھریلو روبوٹس میں اصل چیلنج رفتار نہیں بلکہ نازک اشیاء کو نقصان پہنچائے بغیر درست انداز میں سنبھالنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ روبوٹ فوری طور پر کمرشل مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہوگا، تاہم یہ پیش رفت گھریلو روبوٹکس کے مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ایل جی کا یہ مظاہرہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ گھریلو روبوٹکس کا اصل مستقبل اعتماد، حفاظت اور روزمرہ زندگی میں عملی مدد فراہم کرنے میں مضمر ہے۔
متعلقہ عنوانات
سپارکو نے پاکستان سپیس بیسڈ آگمینٹیشن سسٹم متعارف کرا دیا
8 November 2026
میٹا نے متنازع تبدیلی کے حوالے سے فیصلہ واپس لے لیا
8 November 2026
پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے کے لیے 6 کمپنیاں رجسٹرڈ
7 November 2026
میٹا نے پی ٹی اے کی درخواست پر ایک لاکھ 76 ہزار اکاؤنٹس بند کردیے
6 November 2026
خوش مزاج بچی کو خودکشی کے دہانے پہنچا دیا: والدین کا گوگل پر مقدمہ
6 November 2026
پاکستان اور روس کا آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید کمپیوٹنگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
6 November 2026
امریکی کمپنی کا رات کو سورج کی روشنی بیچنے کا منصوبہ
6 November 2026
خلائی دوربین کا 22 سالہ مشن اختتام پذیر، ملبہ زمین پر گرنے کا خدشہ
6 November 2026