بھارت میں حیران کن واقعہ، مردہ قرار دی گئی خاتون7سال بعد زندہ برآمد
Web Desk
15 November 2026
بھارت میں پولیس کی ناقص تفتیش کا ایک حیران کن اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں سات سال قبل مبینہ طور پر قتل قرار دی گئی خاتون زندہ سلامت مل گئی، جبکہ اس کے قتل کے جھوٹے الزام میں ایک بے گناہ شہری ڈھائی سال سے زائد عرصے تک جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید رہا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منجو نامی خاتون 3 جولائی 2019ء کو اہلِ خانہ کی جانب سے اپنی مرضی کے خلاف زبردستی شادی کرانے پر ناراض ہو کر والد کا گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی۔ گھر سے روانگی سے قبل اس نے مقامی بس سٹینڈ پر موجود راجیش نامی ایک اجنبی شخص سے گھر فون کرنے کے لیے موبائل فون مانگا اور کال کرنے کے بعد اپنے آشنا کے ساتھ پسند کی شادی کرنے کے لیے روانہ ہو گئی۔
منجو کے گھر واپس نہ لوٹنے پر اس کے والد ناگراجو نے مقامی پولیس سٹیشن میں بیٹی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔ پولیس نے تفتیش کے دوران خاتون کی آخری فون کال کا سراغ راجیش کے موبائل نمبر سے لگایا اور محض اسی بنیاد پر والد کی شکایت پر راجیش کے خلاف خاتون کے اغوا اور قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔
حیران کن طور پر تفتیشی افسر نے مقتولہ قرار دی گئی خاتون کی لاش برآمد نہ ہونے کے باوجود راجیش کے خلاف قتل کا مکمل چالان عدالت میں جمع کرا دیا، جس کے نتیجے میں بے گناہ راجیش کو ڈھائی سال سے زائد عرصے تک جوڈیشل حراست میں قید کاٹنی پڑی۔ بعد ازاں عدالت سے ضمانت پر رہائی ملنے کے بعد بھی راجیش مسلسل اپنی بے گناہی پر اصرار کرتا رہا اور انصاف کے حصول کے لیے کوشاں رہا۔
بالآخر راجیش کی قانونی ٹیم نے اپنی مدد آپ کے تحت آزادانہ تحقیقات کرتے ہوئے منجو کا سراغ لگا لیا، جو دوسرے شہر میں اپنے شوہر کے ساتھ خوشحال ازدواجی زندگی گزار رہی تھی۔ راجیش کے وکیل کی جانب سے پولیس کو اطلاع دیے جانے پر حکام نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو حراست میں لے کر سرکاری شیلٹر ہوم منتقل کر دیا۔
پولیس کو ریکارڈ کرائے گئے اپنے ابتدائی بیان میں منجو نے راجیش کو مکمل طور پر بے قصور قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ اسے اپنی گمشدگی کے بعد کسی بے گناہ شخص کے خلاف درج ہونے والے قتل کے مقدمے کا کوئی علم نہیں تھا۔
اس سنسنی خیز انکشاف کے بعد پولیس کی ناقص تفتیش اور جعلی شواہد سے متعلق سنگین سوالات اٹھنے پر اعلیٰ حکام نے واقعے کی باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ دوسری جانب متاثرہ شہری راجیش کے اہلِ خانہ نے زندگی کے قیمتی سال برباد کرنے اور جھوٹا مقدمہ درج کرانے پر خاتون کے والد ناگراجو اور مبینہ طور پر من گھڑت شواہد تیار کرنے والے ریٹائرڈ تفتیشی افسر انسپکٹر پربھاکر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
متعلقہ عنوانات
شارجہ کتاب میلہ: 1954ء سے محفوظ نایاب اخبارات، رسائل اور تاریخی تصاویر کا منفرد ذخیرہ پیش
14 November 2026
بنگلہ دیشی فوٹوگرافر کا عالمی اعزاز، ایک تصویر پر 7 لاکھ 34 ہزار درہم کا انعام
13 November 2026
انڈونیشیا: بچوں نے خوفناک اژدھے کو سلائیڈ بنا لیا
12 November 2026
شارجہ میں ننھے سائنس دانوں کا روبوٹک گاڑیاں اور دلچسپ مشینیں تیار کرنے کا عملی مظاہرہ
12 November 2026
چڑیا گھر سے 2 شیر فرار ہونے کی افواہ، اے آئی تصویر نے امریکا میں ہلچل مچا دی
11 November 2026
شادی نہ ہونے پر پیسے واپس! ڈیٹنگ ایپ کی انوکھی پیشکش نے سب کو حیران کر دیا
11 November 2026
سائبیریا کے 2800 سال قدیم مقبرے سے بھنگ کے ایک ہزار بیج دریافت
10 November 2026
گندے موزوں میں 3 ہزار مکڑیاں چھپا کر بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش ناکام
9 November 2026