روس میں کرسمس 7 جنوری کو کیوں منایا جاتا ہے؟
Web Desk
27 December 2025
دنیا کے بیشتر ممالک میں کرسمس 25 دسمبر کو منایا جاتا ہے، تاہم روس میں یہ تہوار 7 جنوری کو منایا جاتا ہے، جو محض ایک مذہبی دن نہیں بلکہ سکون، روحانیت اور صدیوں پرانی روایات کا مظہر بھی ہے۔
روس میں کرسمس کی تاریخ قدیم زمانے سے جڑی ہوئی ہے۔ ماضی میں پوری عیسائی دنیا جولین کیلنڈر استعمال کرتی تھی، لیکن 1582 میں یورپ کے بیشتر ممالک نے وقت اور موسم کی درستگی کے لیے گریگورین کیلنڈر اپنا لیا۔ اس کے برعکس روسی آرتھوڈوکس چرچ نے مذہبی تہواروں کے لیے پرانا جولین کیلنڈر برقرار رکھا۔
اگرچہ روس میں روزمرہ زندگی میں گریگورین کیلنڈر رائج ہے، تاہم چرچ آج بھی اپنے مقدس دن جولین کیلنڈر کے مطابق مناتا ہے۔ دونوں کیلنڈرز کے درمیان 13 دن کا فرق ہے، اسی لیے روس میں کرسمس 25 دسمبر کے بجائے 7 جنوری کو منایا جاتا ہے۔
روس میں کرسمس منانے کا انداز بھی دنیا سے خاصا مختلف ہے۔ آتش بازی، کاؤنٹ ڈاؤن اور تحائف دینے کی تقریبات زیادہ تر نئے سال کی رات کو ہوتی ہیں۔ اس موقع پر خاندان کرسمس ٹری کے گرد جمع ہوتے ہیں، بچے ڈیڈ موروز کا انتظار کرتے ہیں اور شہر روشنیوں سے جگمگا اٹھتے ہیں۔
7 جنوری کو منایا جانے والا کرسمس کا دن زیادہ تر عبادت اور روحانیت سے وابستہ ہوتا ہے۔ لوگ چرچ جاتے ہیں، خاندان کے ساتھ وقت گزارتے ہیں اور کئی گھرانوں میں شام تک روزہ رکھا جاتا ہے۔ روایتی کرسمس ڈنر میں 12 علامتی ڈشیں شامل ہوتی ہیں اور پہلا ستارہ نظر آنے کے بعد ہی کھانا کھایا جاتا ہے۔
کرسمس کے بعد کے دنوں کو Svyatki کہا جاتا ہے، جن میں بچے ستارے اٹھائے گلیوں میں گیت گاتے ہیں اور لوگ ایک دوسرے کو مٹھائیاں پیش کرتے ہیں۔ اس دوران ڈیڈ موروز اور اس کی نواسی سنیگوروچکا پارکوں میں بچوں کو تحائف بھی دیتی ہیں۔
یوں روس میں 7 جنوری کو منایا جانے والا کرسمس شور و ہنگامے کے بجائے عبادت، خاندان اور قدیم روایات سے جڑا ہوتا ہے، جو سردیوں کے موسم میں ایک منفرد اور روحانی ماحول پیدا کرتا ہے۔
متعلقہ عنوانات
لڑکی نے 60 روز تک سو کر 28 لاکھ روپے سے زائد کمالیے
8 November 2026
شارجہ بک فیئر میں جرمن فنکار کا چلتا پھرتا درخت بچوں کی توجہ کا مرکز بن گیا
7 November 2026
خاتون کاروباری شخصیت کا ملازماؤں کو مہنگے فولڈ ایبل آئی فونز کا تحفہ
7 November 2026
بھارت: 50 سالہ شخص دانت صاف کرتے ہوئے برش ہی نگل گیا
6 November 2026
اسلام آباد ایئرپورٹ کے ٹرمینل میں بندر گھس آیا: مسافروں میں حیرت
6 November 2026
10 سال سے زائد کی محنت، امریکی شہری نے دنیا کی سب سے بڑی ربڑ بینڈ بال بنا ڈالی
4 November 2026
90 سالہ جاپانی باڈی بلڈر کی فٹنس نے دنیا کو حیران کردیا
4 November 2026
مرغیاں کھا کھا کر باز موٹی، ماہرین نے ڈائٹ شروع کروا دی
4 November 2026