ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کا آغاز
Web Desk
21 June 2026
سوئٹزرلینڈ کے خوبصورت سیاحتی مقام برگن اسٹاک میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری تکنیکی سطح کے تزویراتی مذاکرات ایک مختصر وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کے پہلے مرحلے میں پاکستان کی ثالثی کے تحت امریکا اور ایران کی اعلیٰ سطحی کمیٹیوں کے درمیان 45 منٹ تک تفصیلی اور براہِ راست بات چیت ہوئی۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پہلے راؤنڈ میں لبنان کی موجودہ صورتحال، آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی، ایرانی جوہری ذخائر کے معاملے اور آئندہ 60 روزہ طویل مذاکراتی عمل کے بنیادی خدوخال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جس کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان انتہائی واضح اور کھل کر گفتگو ہوئی۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے ان اہم مذاکرات کا بنیادی مقصد ‘اسلام آباد مفاہمتی یادداشت’ میں طے پانے والے نکات پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینا، دونوں ممالک کے مابین اعتماد سازی کے اقدامات کو آگے بڑھانا اور مستقبل کے سفارتی لائحہ عمل کے لیے ایک حتمی فریم ورک تیار کرنا ہے۔
سفارتی ذرائع نے مزید بتایا کہ برگن اسٹاک میں ہونے والے یہ مذاکرات اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے حوالے سے ایک انتہائی اہم اور فیصلہ کن مرحلہ ہیں۔ اگر فریقین ان تکنیکی معاملات پر مثبت پیش رفت میں کامیاب رہے تو اس سے امریکا اور ایران کے مابین جاری سفارتی عمل کو مزید تقویت ملے گی اور خطے میں طویل عرصے سے جاری کشیدگی میں واضح کمی کی راہ ہموار ہو سکے گی۔
اس تاریخی امن عمل کو سودمند بنانے کے لیے میزبان پاکستان کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان الثانی بھی فریقین کے ہمراہ مذاکرات کے مرکز میں موجود ہیں۔ امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس، جیرڈ کشنر اور نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف شامل ہیں، جبکہ ایرانی وفد کی قیادت پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کر رہے ہیں۔
متعلقہ عنوانات
عوام حکمرانوں کی عیاشیوں کا بوجھ اٹھا رہے، ملک میں دہرا نظام نہیں چل سکتا: حافظ نعیم
25 August 2026
رسائیِ مالیات اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس: ہاؤسنگ، زراعت اور ایس ایم ای فنانسنگ کا جائزہ
25 August 2026
عمران خان کی بہن کی درخواست مسترد: سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس کی تاریخ بتا دی
25 August 2026
وزیراعظم سے سعودی کاروباری وفد کی ملاقات، سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال
25 August 2026
امریکی صدر کا آبنائے ہرمز سے تمام سمندری بارودی سرنگیں ہٹانے کا دعویٰ
25 August 2026
شہباز شریف 31 اگست کو کرغزستان کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوں گے
25 August 2026
آزاد کشمیراسمبلی: طارق فاروق سپیکر، احمد رضا قادری ڈپٹی سپیکر منتخب، حلف اٹھا لیا
25 August 2026
محسن نقوی سے امریکی سفیر کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر گفتگو
25 August 2026