امریکی قونصل خانے کے وفد کا ای پی اے لاہور کا دورہ، سموگ کنٹرول اقدامات کو سراہا
Web Desk
11 July 2026
لاہور میں امریکی قونصل خانے کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) پنجاب کا اہم دورہ کیا، جہاں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وفد کا پرجوش استقبال کیا۔ اس موقع پر دیگر صوبائی وزراء بھی موجود تھے۔ امریکی وفد نے ای پی اے کے جدید کنٹرول روم کا معائنہ کیا اور فضائی آلودگی کی نگرانی کے ڈیجیٹل نظام، ایئر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم اور لائیو اے کیو آئی (AQI) مانیٹرنگ کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نومبر 2024 میں لاہور دنیا کا سب سے آلودہ شہر بن چکا تھا، لیکن وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی سخت ہدایات اور مؤثر ماحولیاتی حکمت عملی کے نتیجے میں اب فضائی آلودگی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور حکومت نے ای پی اے کو مکمل اختیارات، وسائل اور جدید ترین ٹیکنالوجی فراہم کر دی ہے۔
مریم اورنگزیب نے سموگ کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے کسانوں کے لیے ‘سپر سیڈر’ مشین کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب موجودہ حکومت نے چارج سنبھالا تو پنجاب میں صرف 250 سپر سیڈرز تھے، جن کی تعداد اب بڑھا کر 7 ہزار 500 کر دی گئی ہے اور اگلے سال تک 15 ہزار سپر سیڈرز کسانوں کو فراہم کرنے کا ہدف ہے، جس کی قیمت کا 60 فیصد حکومت خود ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران ماحولیاتی تحفظ اور جنگلات کے لیے تاریخی بجٹ مختص کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان اور خطے کی پہلی ‘کلائمیٹ چینج آبزرویٹری’ بھی قائم کی جا رہی ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی ڈیٹا کا مرکزی مرکز ہوگی۔
امریکی وفد کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں صنعتی یونٹس کی 24 گھنٹے لائیو نگرانی کی جا رہی ہے اور شفافیت کے لیے ای پی اے کے تمام فیلڈ افسران کو باڈی کیمز فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ تمام اینٹوں کے بھٹے اب زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ لاہور کے تمام موٹرویز، مالز اور ماڈل بازاروں کو پلاسٹک فری زون قرار دیا جا چکا ہے اور مرحلہ وار صوبے کے تمام کمرشل بازاروں کو بھی پلاسٹک فری بنایا جائے گا۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ‘روبو کال سسٹم’ اور پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے تعاون سے فوری ایکشن لیا جاتا ہے۔ امریکی وفد نے پنجاب اے کیو آئی موبائل ایپ، لائیو لوکیشن مانیٹرنگ اور ہیٹ ویو مانیٹرنگ سمیت پنجاب حکومت کے ان تمام جدید ماحولیاتی اقدامات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اسے سراہا۔
متعلقہ عنوانات
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کا فلسطینی خاندانوں کے گھروں کا محاصرہ
13 August 2026
بادامی باغ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید
13 August 2026
وزیراعظم شہباز شریف سے ناروے کے وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
13 August 2026
پنجاب حکومت کا انتظامی اخراجات کم کرنے کیلئے 101 آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ
13 August 2026
اسحاق ڈار سے صدر ن لیگ آزاد کشمیر کی ملاقات، حکومت سازی سے متعلق امور پر گفتگو
13 August 2026
ناروے کے وزیر خارجہ کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات
13 August 2026
منشیات کیس: عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو بری کر دیا
13 August 2026
کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 8 اہلکاروں کو اغوا کرلیا: آزاد کشمیر پولیس
13 August 2026