پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا کل سے آغاز
Web Desk
29 May 2026
راولپنڈی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا باقاعدہ آغاز کل (بروز ہفتہ) سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔ یہ سیریز پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں اس لحاظ سے انتہائی یادگار ہے کہ قومی ٹیم اپنے کرکٹ سفر کا 1000واں ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنے جا رہی ہے۔
شیڈول کے مطابق سیریز کا پہلا ون ڈے میچ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں لاہور منتقل ہوں گی جہاں دوسرا اور تیسرا میچ قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ شائقینِ کرکٹ کی سہولت کے لیے تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار (4:30) بجے شروع ہوں گے۔
اس سیریز میں روایتی حریفوں کے مابین سخت مقابلے کی توقع ہے، جہاں سٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی پاکستان ٹیم کی جبکہ جوش انگلس آسٹریلیا کی قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے کرکٹ کا ریکارڈ طویل اور دلچسپ ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 111 ون ڈے میچز میں آمنے سامنے آ چکی ہیں۔ ماضی قریب کی بات کی جائے تو پاکستان کا پلہ بھاری رہا ہے، جہاں گرین شرٹس نے کینگروز کے خلاف کھیلی گئی آخری دو ون ڈے سیریز دو ایک (2-1) سے اپنے نام کی تھیں۔
اس سیریز کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر یادگار بنانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) پہلی بار “PCB Live” کے ذریعے میچز کی آفیشل لائیو سٹریمنگ کرنے جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ روایتی انداز میں شائقینِ کرکٹ پی ٹی وی سپورٹس (PTV Sports) پر بھی میچز براہِ راست دیکھ سکیں گے۔
ٹلی ویژن سکرینز پر میچ کا جوش بڑھانے کے لیے ایک بہترین کمنٹری پینل بھی تشکیل دیا گیا ہے، جس میں سابق کپتان عامر سہیل، رمیز راجہ، بازید خان، عروج ممتاز اور آسٹریلیا کے گریگ بلیوٹ شامل ہیں۔
میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایک ہزارواں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنا پوری قوم اور کھلاڑیوں کے لیے ایک انتہائی خاص اور فخر کا لمحہ ہے۔
شاہین آفریدی نے حریف ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک ہے اور ان کے خلاف مقابلے ہمیشہ سخت اور چیلنجنگ ہوتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے ٹیم کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ میں بھرپور پسینہ بہایا ہے اور سب جیت کے لیے پرعزم ہیں۔
کپتان نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ دو ون ڈے سیریز میں کامیابی نے ٹیم کے اعتماد کو بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔ انہیں قوی امید ہے کہ راولپنڈی اور لاہور کے شائقین ہمیشہ کی طرح اسٹیڈیم آ کر کھلاڑیوں کو سپورٹ کریں گے، جو ان کا حوصلہ بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
متعلقہ عنوانات
راولپنڈی: پاکستان اور آسٹریلیا آج پہلے ون ڈے میں آمنے سامنے
29 May 2026
فرنچ اوپن 2026 میں سنسنی خیز اپ سیٹ، نواک جوکووچ نوجوان کھلاڑی سے ہار گئے
29 May 2026
پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز: آسٹریلوی کپتان مچل مارش انجری کے باعث باہر، کوپر کنولی اسکواڈ میں شامل
28 May 2026
پاکستان، آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کی ٹرافی کی رونمائی
28 May 2026
سلطان بمقابلہ شیطان، وسیم اکرم کی جمرات میں ان سوئنگ انداز سے رمی کی ویڈیو وائرل
27 May 2026
رضوان کی کپتانی میں ٹیم بہتر نتائج نہ دے سکی، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن
25 May 2026
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر حمزہ شیراز عالمی چیمپئن بن گئے
25 May 2026
شکیرا کے فیفا ورلڈ کپ 2026 گانے کی ویڈیو جاری، میسی اور امباپے سمیت عالمی ستارے شامل
24 May 2026