چین میں ریچھ بننے کی نوکری، سالانہ 41 لاکھ روپے تنخواہ کا اعلان
Web Desk
23 June 2026
اگر آپ سے کہا جائے کہ آپ کو سالانہ 41 لاکھ روپے سے زائد تنخواہ دی جائے گی، لیکن شرط یہ ہے کہ آپ کو ایک ریچھ کا کاسٹیوم پہن کر چڑیا گھر میں رہنا ہوگا، تو کیا آپ یہ نوکری کرنا پسند کریں گے؟ بظاہر یہ مذاق لگتا ہے، لیکن چین کے ایک چڑیا گھر نے واقعی ایسا انوکھا اور دلچسپ ملازمت کا اشتہار جاری کیا ہے جس نے اس وقت سوشل میڈیا پر دھوم مچائی ہوئی ہے۔
چین کے صوبہ ہینان (Henan) کے شہر ‘لوہے’ (Luohe) میں واقع لوہے وائلڈ لائف زو (Luohe Wildlife Zoo) کی جانب سے دیے گئے اس اشتہار کی دلچسپ شرائط اور تفصیلات درج ذیل ہیں:
اس انوکھی ملازمت کے عوض چڑیا گھر انتظامیہ ملازم کو سالانہ ایک لاکھ یوآن (جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 41 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں) ادا کرے گی۔ منتخب امیدواروں کو روزانہ صرف 6 گھنٹے کام کرنا ہوگا، جبکہ مہینے میں 4 دن کی باقاعدہ چھٹی بھی دی جائے گی۔ امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال ہونا لازمی ہے اور اس کا جسمانی طور پر مکمل فٹ ہونا ضروری ہے تاکہ وہ ریچھ کی طرح حرکت کر سکے۔
چڑیا گھر آنے والے سیاحوں اور بچوں سے میل جول کے دوران ان ‘انسانی ریچھوں’ کو انسانوں کی طرح بات کرنے کی بالکل اجازت نہیں ہوگی، البتہ وہ ریچھ کی طرح مختلف عجیب و غریب آوازیں ضرور نکال سکیں گے۔ یہ جعلی ریچھ چڑیا گھر آنے والے سیاحوں سے ان کی دی ہوئی کھانے پینے کی چیزیں اور اسنیکس لے کر کھا سکیں گے۔ اشتہار میں بڑے مزاحیہ انداز میں لکھا گیا ہے کہ “اگر آپ کام کے دوران تھک جائیں تو آرام سے زمین پر لیٹ کر دن میں خیالی پلاؤ پکائیں، اور اگر آپ خود میں توانائی محسوس کر رہے ہیں تو اچھلیں کودیں، رقص کریں، درختوں پر چڑھیں یا تالاب سے مچھلیاں پکڑیں، آپ کو ہر وہ حرکت کرنے کی مکمل اجازت ہوگی جو ایک تفریحی ریچھ کرتا ہے”۔
اشتہار میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ گرمی سے بچنے کے لیے اس ریچھ کے کاسٹیوم کے اندر کوئی چھوٹا پنکھا یا ہوا کی نکاسی (Ventilation) کا نظام موجود ہوگا یا نہیں، بس اتنا بتایا گیا ہے کہ یہ ایک انتہائی نرم اور آرام دہ کاسٹیوم ہوگا۔
چڑیا گھر انتظامیہ نے یہ تو نہیں بتایا کہ وہ ایسے کتنے ‘جعلی ریچھ’ بھرتی کرنا چاہتے ہیں، لیکن اشتہار کے وائرل ہوتے ہی اب تک 100 سے زائد بیروزگار اور شوقین افراد نے اس انوکھی نوکری کے لیے چڑیا گھر سے رابطہ کر لیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اس پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں، کچھ کا کہنا ہے کہ “خواب دیکھنے اور لیٹنے کے پیسے ملنا دنیا کی بہترین نوکری ہے” جبکہ کچھ گرمی کے موسم میں کاسٹیوم پہننے کو ایک کٹھن چیلنج قرار دے رہے ہیں۔
متعلقہ عنوانات
سو سال تک نظروں سے اوجھل مینڈک کی نئی نسل
9 September 2026
چین: نوجوان لوگوں کی ’کھجلی مٹا کر‘ ماہانہ 40 لاکھ روپے کمانے لگا
8 September 2026
چوری سے بچانے کیلئے مالک نے گاڑی چھت پر پارک کر دی
8 September 2026
دوست کا ایک ہزار ڈالر کا تحفہ قسمت بدل گیا، امریکی شہری کروڑ پتی بن گیا
7 September 2026
امریکا: گاڑی میں چھپ کر 122 کلو میٹر کا سفر، بلونگڑا انجن سے بحفاظت نکال لیا گیا
6 September 2026
وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر 5 ریٹرو آرکیڈ گیم متعارف
6 September 2026
لندن میٹرو اسٹیشن پر چوہوں کی ’اسٹریٹ فائٹ‘، مسافر بھی رک کر تماشا دیکھنے لگے
6 September 2026
امریکا میں منفرد مقابلہ، پگ نسل کا ’جِنی لو‘ بدترین کتا قرار
5 September 2026