شہری کو ہراساں کرنے سے متعلق درخواست پر آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی سمیت دیگر کو نوٹس جاری
Web Desk
2 July 2026
سندھ ہائیکورٹ نے جعلسازوں کی مبینہ سرپرستی کرنے اور مقدمے کے درخواست گزار کو پولیس کی جانب سے دھمکیاں دینے اور ہراساں کیے جانے کے سنگین الزامات پر آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام کو باضابطہ نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔
عدالتِ عالیہ نے یہ نوٹسز شہری ساجد معروف کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جاری کیے۔ جن دیگر شخصیات اور افسران کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں ان میں ڈی آئی جی کرائم انویسٹی گیشن، ایس ایس پی کورنگی قیص خان، انویسٹی گیشن آفیسر (IO) عباد حیدر، کامران آفتاب اور عباس بٹ شامل ہیں۔
عدالت میں دائر درخواست کے مطابق، درخواست گزار ساجد معروف نے کامران آفتاب نامی شخص کو 2 کروڑ روپے مالیت کا قیمتی کیمیکل مواد فراہم کیا تھا۔ اس کے بدلے کامران آفتاب نے عباس بٹ کے ذریعے 90 لاکھ روپے کا ایک پے آرڈر دیا، جو بینک میں جمع کروانے پر مبینہ طور پر جعلی ثابت ہوا۔ اس جعلسازی کے خلاف زمان ٹاؤن تھانے میں باقاعدہ مقدمہ بھی درج ہے۔
درخواست گزار کا الزام ہے کہ متعلقہ پولیس افسران قانون کا ساتھ دینے اور منصفانہ کارروائی کرنے کے بجائے الٹا ملزمان کی سرپرستی کر رہے ہیں اور کیس کے اہم شواہد مٹانے کی مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔
درخواست گزار کی وکیل بشریٰ عباس ایڈووکیٹ نے دورانِ سماعت عدالت کو بتایا کہ قانون کے مطابق تفتیش کسی غیر جانبدار پولیس افسر کو منتقل ہونی چاہیے تھی، لیکن ایسا کرنے کے بجائے پولیس کی جانب سے ان کے موکل کو سنگین دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے عدالت کو مطلع کیا کہ درخواست گزار اور اس کے اہل خانہ کو پولیس اور ملزمان کی ملی بھگت سے مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے جس سے ان کی جان کو خطرہ ہے۔
درخواست میں سندھ ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ درخواست گزار اور اس کے خاندان کو فوری طور پر فول پروف سکیورٹی اور تحفظ فراہم کیا جائے اور جعلی پے آرڈر کے اس پورے معاملے کی کسی ایماندار افسر سے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔
متعلقہ عنوانات
پاکستان اور قطرموجودہ کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں: اسماعیل بقائی
17 August 2026
قتل کے مقدمے میں دیت کی رقم کے تعین کا معاملہ، سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا
17 August 2026
عمران خان کی صحت اور جیل ملاقاتوں کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع
17 August 2026
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل، پولنگ ڈے کا فیصلہ 20 اگست کو متوقع
17 August 2026
لیبیا کشتی حادثہ: جج کی ملزم کی ضمانت کی درخواست پر سماعت سے معذرت
17 August 2026
پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا دوسرے روز میں داخل
17 August 2026
پشاور ہائیکورٹ کے 4 مستقل ہونے والے ججز نے حلف اٹھا لیا
17 August 2026
اسلامک یونیورسٹی کے تین نائب صدور کی تعیناتی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج
17 August 2026