اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے الیکشن کالعدم قرار دینے کا فیصلہ غیر قانونی قرار
Web Desk
11 June 2026
لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کو بڑا جھٹکا دیتے ہوئے اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات کالعدم قرار دینے کے بورڈ کے فیصلے کو یکسر غیر قانونی اور کالعدم قرار دے دیا ہے۔ عدالتِ عالیہ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی جمہوری یا انتخابی عمل کو محض الزامات کی بنیاد پر ختم نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی منتخب عہدیداروں کو سنے بغیر ان کے بنیادی حقوق متاثر کیے جا سکتے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے معزز جج جسٹس جاوید اقبال وینس نے درخواست گزار شکیل احمد شیخ کی آئینی درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد 32 صفحات پر مشتمل تفصیلی تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے پی سی بی ایڈجوڈیکیٹر کی جانب سے 27 مئی 2025 کو دیا گیا فیصلہ منسوخ کرتے ہوئے شکیل احمد شیخ کو فوری طور پر بطور صدر اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن بحال کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ پی سی بی ایڈجوڈیکیٹر نے اس انتخابی تنازعے کا فیصلہ کرتے ہوئے بنیادی قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔ اہم قانونی اعتراضات پر غور کیے بغیر اور شواہد قلمبند کیے بغیر ہی فیصلہ سنا دیا گیا، جو کہ قدرتی انصاف کے اصولوں کے سراسر منافی ہے۔ فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ انتخابات کو کالعدم کرنے سے قبل متاثرہ فریقین کو شاملِ تفتیش کرنا اور ان کا مؤقف سننا لازمی تھا، جو اس کیس میں جان بوجھ کر نہیں کیا گیا۔ ہائیکورٹ نے یہ بھی واضح کر دیا کہ پی سی بی ایک ایسا ادارہ ہے جو قانونی و آئینی دائرہ اختیار رکھتا ہے، لہٰذا اس کے دائرہ کار میں کیے گئے تمام فیصلے عدالتی نظرثانی (Judicial Review) کے دائرے میں آتے ہیں۔کیس کے ریکارڈ کے مطابق، شکیل احمد شیخ سال 2023 میں بلا مقابلہ اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے تھے، تاہم پی سی بی نے مبینہ الزامات کی آڑ میں غیر قانونی طور پر منتخب عہدیداروں کو اپنے آئینی اختیارات استعمال کرنے سے روک دیا تھا۔ اس ہائی پروفائل کیس میں درخواست گزار کی جانب سے نامور قانون دان تفضل رضوی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
لاہور ہائیکورٹ نے پی سی بی کو سخت ہدایت جاری کی ہے کہ وہ آئندہ کسی بھی سطح کے انتخابات سے قبل مکمل شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنائے، جبکہ ووٹر لسٹوں کی تیاری، کلب اسٹیٹس اور ووٹرز کی اہلیت کی جانچ پڑتال صرف اور صرف متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائے۔ عدالت نے مزید حکم دیا کہ پی سی بی ایڈجوڈیکیٹر آئندہ کسی بھی تنازعے کی صورت میں تمام فریقین کا مؤقف اور شواہد تفصیلی طور پر سن کر ہی فیصلہ کرنے کے پابند ہوں گے۔
متعلقہ عنوانات
صرف اپنے لیے کھیلنے والوں کی قومی ٹیم میں کوئی جگہ نہیں، محسن نقوی کا دوٹوک مؤقف
13 June 2026
فیفا ورلڈکپ: انگلینڈ ٹیم کا قیمتی سامان چوری، میچ کی تیاریاں متاثر ہونے کا خدشہ
13 June 2026
فیفا ورلڈکپ: میزبان امریکا کا پیراگوئے کو شکست دے کر مہم کا شاندار آغاز
13 June 2026
آئی سی سی ویمنزٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کاآج سے آغاز
12 June 2026
فیفا عالمی کپ 2026 کا شاندار آغاز، میکسیکو میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب
11 June 2026
ورلڈ کپ میں نڈر اور مثبت کرکٹ کھیلیں گے، سیمی فائنل تک رسائی حقیقت پسندانہ ہدف ہے,وہاب ریاض
11 June 2026
پی ایس ایل 2026 کی تفصیلات سینیٹ میں پیش؛منافع ساڑھے 7 ارب روپے سے متجاوز
10 June 2026
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا دورۂ سری لنکا، جولائی اور اگست میں 6 وائٹ بال میچز کا شیڈول جاری
10 June 2026