سینڈ پیپر سکینڈل پر سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کا موقف سامنے آگیا
Web Desk
14 November 2026
سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کی خود نوشت ’’صبر‘‘ کے منظرِ عام پر آنے کے بعد کرکٹ کی تاریخ کے متنازع ترین ’’سینڈ پیپر اسکینڈل‘‘ کا سالوں پرانا معاملہ ایک مرتبہ پھر تازہ ہو گیا ہے، جس پر اب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے بھی اپنا مؤقف بیان کر دیا ہے۔
اس نئی بحث کے آغاز کے بعد جہاں سابق آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر اور موجودہ ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کے بیانات سامنے آئے، وہیں وسیم اکرم نے بھی سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سینڈ پیپر اسکینڈل میں ٹیم کے ممکنہ علم اور پیٹ کمنز کے حالیہ بیان پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا۔
وسیم اکرم نے کہا کہ وہ گزشتہ ایک ہفتے سے اس پرانے تنازعے کے حوالے سے جاری بیانات اور بحث سن رہے ہیں۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سوئنگ کے سلطان نے واضح الفاظ میں کہا کہ میدان میں موجود بولرز کو بخوبی معلوم ہوتا ہے کہ گیند کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ ہوئی ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے دوست پیٹ کمنز نے بھی یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ اس وقت اس معاملے سے لاعلم تھے، تاہم وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ پوری ٹیم کو اس وقت علم نہ ہو کہ کیا ہو رہا ہے، اور یہ ان کی ذاتی رائے ہے جو غلط بھی ہو سکتی ہے اور درست بھی۔
اپنے ویڈیو پیغام میں تکنیکی پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ بطور بولر آپ ہر لمحہ گیند کا خاص خیال رکھتے ہیں، اور میچ کے دوران گیند کی ایک سائیڈ کو چمکانے اور پچ پر باؤنس ہونے کے باعث اس پر قدرتی خراشیں (سکریچز) پڑ جاتی ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ سینڈ پیپر (ریگ مال) سے بننے والے سکریچز گیند کے قدرتی باؤنس سے بننے والے نشانات سے بالکل مختلف اور واضح ہوتے ہیں۔
سابق فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ بطور ایک تجربہ کار بولر جب گیند ہاتھ میں آتی ہے تو فوری طور پر اندازہ ہو جاتا ہے کہ گیند کے ساتھ کچھ غیر معمولی یا غلط ہوا ہے۔ آخر میں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کرکٹ حلقوں میں چھڑنے والا یہ پرانا تنازع جلد خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔
متعلقہ عنوانات
محمد یوسف اور ثناء میر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل
15 November 2026
جیو جِتسو کی عالمی کانگریس 2026ء، اولمپک شناخت کے حصول کیلئے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق
15 November 2026
پاکستان بنگلا دیش کو ہرا کر پہلی بار ساف فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گیا
15 November 2026
انڈر 19 کرکٹ ایشیا کپ: بھارت نے سنسنی خیز مقابلےکے بعد ٹائٹل جیت لیا
14 November 2026
ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کے انفرادی راؤنڈ میں پاکستان نے سلور میڈل جیت لیا
14 November 2026
سینڈ پیپر معاملے پر محمد حفیظ کا ردعمل سامنے آگیا
14 November 2026
انڈر 19 ایشیا کپ فائنل: پاکستان کا بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
14 November 2026
بھارت میں انڈر 19 ویمن کرکٹر کی خودکشی، اہلخانہ کا دو نوجوانوں پر ہراسانی کا الزام
14 November 2026