بڑھتی آبادی ترقی کیلئے چیلنج، وزیراعظم کی نیشنل پاپولیشن کونسل جلد فعال کرنے کی ہدایت
Web Desk
30 June 2026
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت بہبودِ آبادی سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں آبادی کے تیزی سے بڑھتے ہوئے رجحان اور اس پر قابو پانے کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ تیزی سے بڑھتی آبادی قومی وسائل پر دباؤ بڑھا رہی ہے اور ملکی ترقی کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے، اس لیے آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
وزیراعظم نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا افتتاحی اجلاس جلد از جلد بلانے اور قومی سطح پر آبادی سے متعلق پالیسی سازی کے لیے کونسل کا تنظیمی ڈھانچہ فوری طور پر مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ خود نیشنل پاپولیشن کونسل کی سربراہی کریں گے۔
اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے، جبکہ اس کا سیکرٹریٹ وزارتِ منصوبہ بندی میں قائم کیا جائے گا۔ بریفنگ میں مزید واضح کیا گیا کہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کو خاندانی منصوبہ بندی سے منسلک کیا جائے گا، جہاں خواتین کی تعلیم اور انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانا آبادی پر قابو پانے کی حکمت عملی کا بنیادی حصہ ہوگا۔ اس کے علاوہ، آبادی میں توازن اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق ملک گیر مؤثر آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔
حکام نے اجلاس کو بتایا کہ بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ایران سمیت کئی اسلامی ممالک آبادی پر قابو پانے کے کامیاب پروگرام چلا رہے ہیں، اور نیشنل پاپولیشن کونسل صوبائی حکومتوں کے تعاون سے پاکستان میں بھی قومی سطح پر ایسی ہی مؤثر مہم چلانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی۔
متعلقہ عنوانات
بھارت کا پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے: پاکستان
19 November 2026
بلوچستان میں امن، خوشحالی، پائیدار ترقی کیلئے پاک فوج کا غیر متزلزل عزم برقرار ہے: فیلڈ مارشل
19 November 2026
عالمی امن کیلئے باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی ناگزیر ہے، وزیر دفاع
19 November 2026
تقسیم اور لوگوں کو آپس میں لڑانے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں: مراد علی شاہ
19 November 2026
بلاول بھٹو کے بیان پر وفاقی وزرا کی چیخیں نکل رہی ہیں: سعید غنی
19 November 2026
تعلیم حکومتوں کی ترجیح نہیں، تعلیمی نظام تباہ ہو رہا ہے: حافظ نعیم الرحمان
19 November 2026
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں پنچائیت نظام کی اصولی منظوری دیدی
18 November 2026
میڈ اِن رشیا فورم میں شریک پاکستانی تجارتی وفد کے اعزاز میں سفیر پاکستان کا خصوصی عشائیہ
18 November 2026