بالی ووڈ فلم ورکرز یونین کا وزیراعظم نریندر مودی سے نیٹ فلکس کی پاکستانی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر بھارت میں پابندی عائد کرنے کا مطالبہ
Web Desk
26 November 2026
بالی ووڈ کی ایک نمایاں فلم ورکرز یونین نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’نیٹ فلکس‘ (Netflix) پر ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی اردو سیریز کی بھارت میں نمائش پر پابندی عائد کی جائے اور پاکستانی مواد دکھانے پر سخت سزاؤں پر مشتمل مستقل قانون سازی کی جائے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق نیٹ فلکس کی پہلی اردو زبان کی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ (Jo Bachay Hain Sang Samait Lo) کا پہلا حصہ 4 دسمبر کو نشر ہونے جا رہا ہے، جس میں فواد خان، ماہرہ خان اور صنم سعید سمیت پاکستان کے کئی نامور اداکار جلوہ گر ہو رہے ہیں۔
آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن (AICWA) نے منگل کی شب وزیراعظم نریندر مودی کو لکھے گئے ایک خط میں مؤقف اختیار کیا کہ بھارتی اسکرینوں پر کسی پاکستانی چہرے، آواز یا کہانی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ یونین نے خط میں مزید کہا کہ اس سیریز میں شامل متعدد اداکار دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے ادوار میں بھارت کے خلاف بیانات دے چکے ہیں، لہٰذا بھارت میں پاکستانی مواد کی نمائش روکنے کے لیے سخت ترین سزاؤں کے ساتھ ایک مضبوط اور مستقل قانون بنایا جائے۔ یونین نے نیٹ فلکس انڈیا اور تمام او ٹی ٹی (OTT) پلیٹ فارمز سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارت میں کوئی بھی پاکستانی مواد نشر نہ کریں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر حملے اور اس کے بعد دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپوں کے تناظر میں بھارت نے تمام اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کو پاکستانی شوز کی اسکریننگ روکنے کی ہدایت کی تھی، جنہیں بھارت میں غیر معمولی مقبولیت حاصل رہی ہے۔ اے آئی سی ڈبلیو اے نے دعویٰ کیا کہ اگر نیٹ فلکس نے یہ سیریز نشر کی تو یہ حکومتی ایڈوائزری کی خلاف ورزی ہو گی۔ واضح رہے کہ اس معاملے پر نیٹ فلکس اور بھارتی وزیراعظم کے ترجمان کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
مالیاتی ادارے ایچ ایس بی سی (HSBC) کے مطابق بھارت نیٹ فلکس کے لیے ایک اہم مارکیٹ ہے جہاں اس کے صارفین کی تعداد تقریباً دو کروڑ (20 ملین) ہے، اور سستے انٹرنیٹ تک رسائی رکھنے والے نوجوان صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ یاد رہے کہ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ معروف پاکستانی مصنفہ فرحت اشتیاق کے ناول پر مبنی ہے، جس کی کہانی چھ جوڑوں اور ان کی زندگی میں محبت کے سفر کے گرد گھومتی ہے۔
متعلقہ عنوانات
دلجیت دوسانجھ کے بنگلور کنسرٹ پر بم حملے کی دھمکی، بھارتی حکام میں تشویش
26 November 2026
مس یونیورس 2026 کا تاج پورتو ریکو کی جینیفر بیریٹو کے سر سج گیا
25 November 2026
اداکار معمر رانا کی بیٹی رشتہ ازدواج میں منسلک، نکاح کی تصاویر وائرل
25 November 2026
نئی جیپ خریدنے کا ارادہ، میرا کا لیلیٰ کو مالی مدد کی پیشکش
24 November 2026
نامناسب لباس میں آن لائن شو کرنے والی گلوکارہ کو 74 کوڑے مارے گئے
24 November 2026
معروف پاکستانی پاپ گلوکار محسن رضا خان المعروف بنی انتقال کرگئے
23 November 2026
حنا جاوید قتل کیس کا چالان سیشن جج کو پیش
23 November 2026
امریکی گلوکارہ ملی سائرس نے خاموشی سے دوسری شادی کرلی
23 November 2026