اے آئی سمارٹ گلاسز سے امتحان میں نقل کی کوشش ناکام
Web Desk
15 July 2026
چین کے شہر گوانگژو میں واقع ساؤتھ چائنا ایگریکلچرل یونیورسٹی میں امتحانی نگران عملے نے ایک طالب علم کو مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس سمارٹ گلاسز کے ذریعے نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق، یکم جولائی کو ہونے والے امتحان کے آغاز کے محض 10 منٹ بعد نگران عملے نے طالب علم کے چشمے کے لینز میں ایک پراسرار سبز روشنی چمکتی ہوئی دیکھی۔ شک ہونے پر جب طالب علم کو چشمہ اتارنے کی ہدایت کی گئی، تو اس نے اعتراف کر لیا کہ وہ امتحان میں مدد لینے کے لیے جدید ترین اے آئی سمارٹ چشمہ استعمال کر رہا تھا۔
چائنا نیوز ویکلی کی رپورٹ کے مطابق، طالب علم “لیکی سمارٹ گلاسز” (Likuai Smart Glasses) استعمال کر رہا تھا، جسے گزشتہ سال ستمبر میں مارکیٹ میں متعارف کرایا گیا تھا۔ یہ سمارٹ چشمہ ڈیپ سیک (DeepSeek)، ٹونگیی چیانوین (Tongyi Qianwen)، ژیپو (Zhipu) اور ڈوباؤ (Doubao) سمیت چین کے چار بڑے مصنوعی ذہانت کے ماڈلز سے منسلک ہے۔ یہ جدید ڈیوائس امتحانی پرچے کی تصاویر لے کر سوالات کا باریک بینی سے تجزیہ کرنے اور فوراً درست جوابات فراہم کرنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتی ہے۔
طالب علم چشمے کے فریم کو اپنی کنپٹی کے قریب سے چھو کر امتحانی سوالات کی خفیہ تصاویر لیتا تھا، جس کے بعد اے آئی سسٹم اسے بیک اینڈ پر جوابات فراہم کرتا تھا۔ اگرچہ تصویر لیتے وقت فریم پر موجود ایل ای ڈی لائٹ کو ہاتھ یا انگلی سے ڈھانپ دیا جاتا تھا، لیکن مخصوص زاویوں سے چشمے کے شیشے (لینز) میں ابھرنے والی سبز روشنی امتحانی نگرانوں کی نظروں سے نہ بچ سکی اور نقل کی یہ جدید کوشش ناکام ہو گئی۔
اس واقعے کے بعد چینی سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، جہاں کچھ صارفین نے دعویٰ کیا ہے کہ انتہائی سستے سن شیڈ سٹیکرز کی مدد سے لینز میں نظر آنے والی سبز روشنی کو بھی باآسانی چھپایا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب آن لائن پلیٹ فارمز پر ایسے اشتہارات بھی دھڑا دھڑ سامنے آ رہے ہیں جن میں طلبہ کو محض 200 چینی یوآن کے عوض ایسے اے آئی سمارٹ چشمے کرائے پر دینے کی پیشکش کی جا رہی ہے، جبکہ بعض دکاندار خریداروں کو خفیہ امتحانی مقاصد کے لیے انہیں انتہائی کم روشنی اور خاموش موڈ پر استعمال کرنے کی تربیت بھی دے رہے ہیں۔ تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں ایسی جدید ترین ٹیکنالوجی کی آسان دستیابی کے بعد اب اسکولوں اور یونیورسٹیوں کو امتحانی نگرانی کے روایتی طریقوں کو بدلنے اور سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
متعلقہ عنوانات
سپارکو نے پاکستان سپیس بیسڈ آگمینٹیشن سسٹم متعارف کرا دیا
8 November 2026
میٹا نے متنازع تبدیلی کے حوالے سے فیصلہ واپس لے لیا
8 November 2026
پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے کے لیے 6 کمپنیاں رجسٹرڈ
7 November 2026
میٹا نے پی ٹی اے کی درخواست پر ایک لاکھ 76 ہزار اکاؤنٹس بند کردیے
6 November 2026
خوش مزاج بچی کو خودکشی کے دہانے پہنچا دیا: والدین کا گوگل پر مقدمہ
6 November 2026
پاکستان اور روس کا آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید کمپیوٹنگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
6 November 2026
امریکی کمپنی کا رات کو سورج کی روشنی بیچنے کا منصوبہ
6 November 2026
خلائی دوربین کا 22 سالہ مشن اختتام پذیر، ملبہ زمین پر گرنے کا خدشہ
6 November 2026