آئی ایل ٹی 20 کا پانچواں سیزن کل سے شروع، بابراعظم اور شاداب خان مرکز نگاہ
Web Desk
20 November 2026
متحدہ عرب امارات میں عالمی کرکٹ کا بڑا میلہ سجنے کو تیار ہے، جہاں ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی (ILT20) کے پانچویں سیزن کا باقاعدہ آغاز کل بروز ہفتہ 21 نومبر سے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
افتتاحی مقابلے میں دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز اور گزشتہ سیزن کی رنرز اپ ایم آئی ایمریٹس کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی، جبکہ پاکستان کے اسٹار کرکٹرز بابر اعظم اور شاداب خان سمیت دنیا کے نامور کھلاڑی شائقینِ کرکٹ کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہیں گے۔
ٹورنامنٹ کے آغاز سے ایک روز قبل ایکسپو سٹی دبئی میں ڈی پی ورلڈ کے دفتر میں چھوں فرنچائزز کے نمایاں کھلاڑیوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی اور اپنی تیاریوں، ٹائٹل کے دفاع و حصول کے عزائم اور لیگ کے بڑھتے ہوئے عالمی معیار پر اظہارِ خیال کیا۔
ڈیزرٹ وائپرز کے انگلش فاسٹ بولر ڈیوڈ پین نے آل راؤنڈر شاداب خان کو ٹیم کا کپتان مقرر کیے جانے کو ایک بہترین فیصلہ قرار دیا، جبکہ بابر اعظم کی عالمی معیار کی بیٹنگ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ایم آئی ایمریٹس کے اسپنر راشد خان نے کہا کہ آئی ایل ٹی 20 کے آغاز کے بعد متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کو نمایاں فروغ ملا ہے اور مقامی نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی شہرت یافتہ اسٹارز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کر کے اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے قیمتی مواقع میسر آ رہے ہیں۔
دبئی کیپیٹلز کی نمائندگی کرتے ہوئے پہلی مرتبہ لیگ میں شرکت کرنے والے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسی نے ٹورنامنٹ کے اعلیٰ معیار اور یو اے ای کی عالمی معیار کی کرکٹ سہولیات کو خوب سراہا۔ ابوظبی نائٹ رائیڈرز کے کولن منرو، گلف جائنٹس کے کپتان ہینرک کلاسن اور شارجہ واریئرز کے کپتان سکندر رضا نے بھی اپنی ٹیموں کی بھرپور تیاریوں اور چیمپئن بننے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ سکندر رضا نے لیگ میں ایسوسی ایٹ ممالک کے کھلاڑیوں کی لازمی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔
شیڈول کے مطابق پانچویں سیزن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شام ساڑھے چھ بجے منعقد ہوگی، جس میں خصوصی پرفارمنس، لیگ کے نئے ترانے کی رونمائی اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا، جس کے بعد افتتاحی میچ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوگا۔
مجموعی طور پر 34 میچوں پر مشتمل اس ایونٹ میں بابر اعظم، شاداب خان، سنیل نارائن، نکولس پورن، جونی بیئرسٹو، فل سالٹ، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ ملر اور لیام لیونگسٹون سمیت عالمی کرکٹ کے صفِ اول کے کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
لیگ کے کمنٹری پینل میں پاکستان کے سابق لیجنڈری کرکٹرز وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر کے علاوہ آسٹریلیا کے بریٹ لی، بھارت کے نوجوت سنگھ سدھو اور رابن اتھاپا جبکہ ویسٹ انڈیز کے ایان بشپ شامل ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کے تمام 34 مقابلوں کی براہِ راست بین الاقوامی نشریات مختلف ٹیلی ویژن نیٹ ورکس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کی جائیں گی؛ بھارت میں یونائٹ 8 اسپورٹس، زی فائیو، زی زیسٹ اور فین کوڈ جبکہ برطانیہ میں ٹی این ٹی اور ایچ بی او کے ذریعے میچز دیکھے جا سکیں گے۔ شائقین افتتاحی میچ سمیت تمام مقابلوں کے ٹکٹ آئی ایل ٹی 20 کی آفیشل ویب سائٹ اور پلاٹینم لسٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔
متعلقہ عنوانات
پی سی بی نے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا
21 November 2026
محمد عباس رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے
21 November 2026
پاکستان نے حیران تو نہیں کیا لیکن ان کی بولنگ اچھی رہی، کوشال مینڈس
20 November 2026
پہلی اننگز میں سری لنکا کو 92 رنز پر آؤٹ کرنا ٹرننگ پوائنٹ تھا: بابر اعظم
20 November 2026
پاکستان ایشیا کپ بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا نیا چیمپئن بن گیا
20 November 2026
پنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے سری لنکا کے خلاف سیریز 0-1 سے جیت لی
20 November 2026
فیفا کے صدارتی انتخابات کیلئے تین امیدوار سامنے آگئے
20 November 2026
دوسرے ٹیسٹ کا تیسرا روز ختم، سری لنکا کی 82 رنز کی برتری، 9 وکٹیں گر گئیں
19 November 2026