غزہ میں انسانی صورتحال تباہ کن، اسرائیل فوری اقدامات کرے: روسی وزارت خارجہ
Web Desk
13 November 2026
روسی وزارتِ خارجہ نے غزہ اور لبنان کی تشویشناک صورتحال سے متعلق اپنا باضابطہ تحریری مؤقف جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی بحران بدستور تباہ کن ہے، جنگ بندی کی منظم خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اور اسرائیلی فوج کی نئی کارروائیوں کے نتیجے میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
روسی وزارتِ خارجہ کے شعبہ اطلاعات و پریس کی جانب سے 12 نومبر 2026 کو پاکستانی صحافی کے سوال کے جواب میں ارسال کیے گئے تفصیلی تحریری مؤقف میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر 2025 میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور زیرِ حراست افراد کے تبادلے کے معاہدے کے بعد اگرچہ شدید فوجی مرحلے کو روکنے میں کامیابی ملی تھی، تاہم معاہدے کو ایک سال گزرنے کے باوجود اس پر عملی عمل درآمد میں کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہو سکی۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا امن منصوبہ تاحال صرف کاغذوں تک محدود ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 پر عمل درآمد نہیں ہو رہا اور مجوزہ امن کونسل بھی عملی طور پر کام شروع نہیں کر سکی ہے۔
روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق غزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلا اور حماس کو غیر مسلح کرنے جیسے بنیادی معاملات تاحال حل طلب ہیں، بین الاقوامی استحکام فورس کی تعیناتی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے جبکہ غزہ کے انتظام کے لیے قائم قومی کمیٹی کے بیشتر ارکان اسرائیلی پابندیوں کے باعث علاقے میں داخل نہیں ہو پا رہے، جس کی وجہ سے تعمیرِ نو کے آغاز کی کوئی صورت نظر نہیں آتی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ غزہ میں پینے کے صاف پانی، خوراک، ایندھن اور ادویات کی شدید قلت برقرار ہے، طبی و شہری ادارے مفلوج ہو چکے ہیں اور بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ گنجائش سے زیادہ بھر چکے ہیں جہاں موسمِ سرما کی آمد کے ساتھ مشکلات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ روس نے اسرائیلی حکام پر زور دیا کہ وہ انسانی امداد کی بلارکاوٹ رسائی کو فوری یقینی بنائیں۔
لبنان کی صورتحال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے روسی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ جون 2026 میں بیروت اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے بعد لبنانی دارالحکومت پر حملے تو رک گئے، تاہم جنوبی لبنان میں وقفے وقفے سے جھڑپیں جاری ہیں۔ اقوام متحدہ کی عبوری فورس (UNIFIL) کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے روس نے کہا کہ جنگ بندی کی بیشتر خلاف ورزیوں کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے، جو آبادی والے علاقوں پر بلاامتیاز حملے کر کے شہری ہلاکتوں کا باعث بن رہا ہے۔ روس نے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر مکمل عمل درآمد پر زور دیا، جس کی توثیق 12 اکتوبر 2026 کو ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور لبنانی وزیر خارجہ یوسف رجی کے مذاکرات میں بھی کی گئی تھی۔
متعلقہ عنوانات
ٹرمپ کی انتخابی شکست ہمارے لئے ایک اچھا موقع ہے: سربراہ حزب اللہ نعیم قاسم
13 November 2026
ڈیموکریٹس کے متوقع سپیکر کا اسرائیل اور فلسطین کے درمیان دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ
13 November 2026
یو اے ای نے کئی روز کی بندش کے بعد راس الخیمہ اور شارجہ کے کچھ ساحل کھول دیئے
13 November 2026
امریکی صدارتی انتخابات: جے ڈی وینس، مارکو روبیو مضبوط ترین امیدوار
13 November 2026
جینسن ہوانگ کا استعفیٰ: اینویڈیا کی چیف فنانس آفیسر کولیٹ کریس عبوری سی ای او مقرر
13 November 2026
ترکیہ میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 4 اہلکار جاں بحق
13 November 2026
واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے قریب جم میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک، 5 زخمی، حملہ آور بھی مارا گیا
13 November 2026
گلگت سے یاسین جانے والی گاڑی دریا میں جاگری، 10 مسافر جاں بحق، 3 زخمی
13 November 2026