استنبول میراتھون: ثاقب خان پاکستانی رنرز میں سرفہرست، 18 پاکستانیوں نے ریس مکمل کی
Web Desk
1 November 2026
ترکیے میں منعقد ہونے والی 48ویں استنبول میراتھن میں 18 پاکستانی رنرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42.195 کلومیٹر کا طویل فاصلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے، جن میں ثاقب خان تمام پاکستانی رنرز میں سرفہرست رہے۔
ثاقب خان نے یہ میراتھن 2 گھنٹے 49 منٹ اور 33 سیکنڈز میں مکمل کی، جبکہ محمد سجاد 3 گھنٹے 17 منٹ 29 سیکنڈز کے وقت کے ساتھ دوسرے اور اقبال علی خان 3 گھنٹے 23 منٹ 58 سیکنڈز میں فاصلہ طے کر کے تیسرے نمبر پر رہے۔ ثاقب خان اس ایونٹ میں واحد پاکستانی رنر رہے جنہوں نے میراتھن تین گھنٹے سے کم وقت میں مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ دورانِ ریس ثاقب خان اور محمد سجاد کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا؛ ابتدائی کلومیٹرز میں محمد سجاد آگے رہے اور ہاف میراتھن کے مقام پر انہیں برتری حاصل تھی، جو 30 کلومیٹر پر بڑھ کر 6 منٹ 17 سیکنڈز تک پہنچ گئی۔ تاہم، آخری مرحلے میں ثاقب خان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے زبردست رفتار پکڑی اور 35 سے 40 کلومیٹر کے درمیان فیصلہ کن برتری حاصل کرتے ہوئے بالآخر 27 منٹ 56 سیکنڈز کے واضح فرق سے ریس جیت لی۔
دیگر پاکستانی فِنشرز میں عرفان علی (3 گھنٹے 52 منٹ 47 سیکنڈز) چوتھے، کامران یوسف (4 گھنٹے 2 منٹ 19 سیکنڈز) پانچویں، جبکہ محمد اسد صدیقی، محمد ذیشان علی اور عدیل منصور خان نے بھی مقررہ فاصلہ طے کیا۔ خواتین میں مہناز نوید نمایاں پاکستانی رنر رہیں جنہوں نے 4 گھنٹے 52 منٹ 6 سیکنڈز میں فاصلہ طے کیا، جبکہ سنائنا نے 5 گھنٹے 59 منٹ 40 سیکنڈز میں ریس مکمل کی۔ اس کے علاوہ محمد گلریز خان، محمد اسد خان، نوفل الٰہی، قسیم سعید، محمد اشعر صدیقی، محمد جہانزیب خان، فہد منصوری اور محمد ارسلان ایوب نے بھی کامیابی کے ساتھ میراتھن مکمل کی۔ دنیا کی واحد بین البراعظمی میراتھن قرار دی جانے والی اس دوڑ میں رنرز نے ایشیا سے یورپ تک کا مشہور باسفورس پل عبور کیا، جبکہ ریس کا اختتام تاریخی سلطان احمد اسکوائر پر ہوا۔ دریں اثنا، مردوں کی ایلیٹ میراتھن کینیا کے فِلیمون کِپٹو کِپچمبا نے 2 گھنٹے 8 منٹ 44 سیکنڈز میں مکمل کر کے نیا کورس ریکارڈ قائم کیا، جبکہ خواتین کی ریس ایتھوپیا کی کاسانیش ایانےو بازے نے جیتی۔ واضح رہے کہ استنبول میراتھن کو ورلڈ ایتھلیٹکس کا گولڈ لیبل حاصل ہے۔
متعلقہ عنوانات
رائزنگ سٹارز ایشیاکپ: پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دیدی
22 November 2026
صائم ایوب کا کرکٹ سے عارضی وقفہ لینے کا فیصلہ، پی سی بی سے درخواست
22 November 2026
ویمنز ایمرجنگ نیشز ٹرافی: پاکستان کی سکاٹ لینڈ کیخلاف شاندار کامیابی
22 November 2026
دورہ پاکستان کے اختتام پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ
22 November 2026
وزارتِ خارجہ اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے گالف ٹورنامنٹ کا انعقاد
22 November 2026
سلطان اذلان شاہ ہاکی، پاکستان کی لگاتار دوسری فتح
22 November 2026
جوش ہیزل ووڈ نے پیٹ کمنز کو کپتانی سے ہٹانے پر ٹیم چھوڑنے کا عندیہ دے دیا
21 November 2026
سری لنکا کرکٹ ٹیم کے آل فارمیٹ دورہ پاکستان کے اختتام پر مہمان ٹیم کے اعزاز میں پُروقار عشائیہ
21 November 2026