سپریم کورٹ میں ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ کی سزا معطلی کی اپیلوں پر سماعت
Web Desk
20 August 2026
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی سے متعلق دائر اپیلوں پر اہم سماعت ہوئی، جس کے دوران عدالتِ عظمیٰ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیسز مقرر کرنے کے طریقہ کار اور تاخیر پر اہم ریمارکس دیے۔
سماعت کے دوران جسٹس نعیم اختر افغان نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چھٹیاں کب تک ہیں؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ہائیکورٹ 6 ستمبر سے باضابطہ کام کا آغاز کرے گی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ سزا معطلی کی اپیلیں فی الوقت قابلِ سماعت نہیں ہیں اور ہائیکورٹ کا اپنا ایک سسٹم ہے جس کے تحت مقدمات مقرر کیے جاتے ہیں۔ اس پر جسٹس اشتیاق ابراہیم نے پوچھ لیا کہ “ناقابلِ سماعت ہونے کا قانون میں کہاں لکھا ہوا ہے؟” جبکہ جسٹس نعیم اختر افغان نے برہمی و طنز کے انداز میں کہا کہ “اسلام آباد ہائی کورٹ کے سسٹم پر ہم سے کوئی رائے نہ ہی لیں تو بہتر ہے۔”
درخواست گزاران کے وکیل فیصل صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے دو ہفتے کے اندر سزا معطلی پر فیصلے کا حکم دیا تھا لیکن اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جب بھی سپریم کورٹ اس معاملے پر فیصلہ کرنے لگتی ہے، ہائیکورٹ میں اچانک کیس کی تاریخ مل جاتی ہے اور اب کیس 8 ستمبر کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔ وکیل نے خدشہ ظاہر کیا کہ ابھی کاز لسٹ نہیں آئی اور ایسا نہ ہو کہ سسٹم سے کیس ہی غائب ہو جائے۔ اس پر جسٹس نعیم اختر افغان نے مسکراتے ہوئے تاریخی جملہ ادا کیا کہ “فیصل صدیقی صاحب! سسٹم کو پورا ایکسپوز ہونے دیں… سسٹم سے کیس غائب ہو سکتا ہے، ہم نہیں۔ پریشان نہ ہوں، ہم یہاں موجود ہیں اور بشرطِ زندگی آئندہ بھی ہوں گے۔”
جسٹس اشتیاق ابراہیم نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کو سزا معطلی پر فیصلہ کرنے کا کہا تھا، عدالت اپیل خارج بھی کر سکتی ہے۔ جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ “آئندہ سماعت پر یا تو ہم فیصلہ کر رہے ہوں گے یا درخواست گزار کیس واپس لے رہے ہوں گے۔” جس کے بعد عدالتِ عظمیٰ نے کیس کی مزید سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
متعلقہ عنوانات
عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے خلاف حکومتی درخواست اعتراض لگا کر واپس
20 August 2026
حوثی حملے میں زخمی 6 پاکستانی ملاح وطن واپس، 2 میتیں بھی منتقل
20 August 2026
محنت اور خون پسینے کی کمائی کو رشوت کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا: مریم نواز
20 August 2026
وزیراعظم نے اپوزیشن کو معاملات طے کرنے کی دعوت دے دی
20 August 2026
محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام اسلحہ ڈیلرز کی ڈیجیٹل انوینٹری لازم قرار دیدی
20 August 2026
ملائیشیا کے وزیر داخلہ 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے
20 August 2026
ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، سیلاب کا خدشہ
20 August 2026
وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب، امن و امان، قانون سازی، بانی کے معاملے پر غور ہوگا
20 August 2026