امریکہ نے افغان جنگ میں 763 ارب ڈالر خرچ کیے: امریکی انسپکٹر جنرل
Web Desk
4 January 2026
امریکی انسپکٹر جنرل نے افغانستان میں 2001 سے 2021 تک جاری جنگ اور تعمیرِ نو کے حوالے سے حتمی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکا نے افغان جنگ پر مجموعی طور پر 763 ارب ڈالر خرچ کیے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی دعوؤں کے برعکس دوحہ مذاکرات کے عمل میں افغان حکومت کو نظرانداز کیا گیا، جس کے نتیجے میں ریاستی ڈھانچہ کمزور ہوا اور سیاسی عدم استحکام میں اضافہ ہوا۔
سرکاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2002 سے 2021 کے دوران افغانستان میں تعمیرِ نو کے لیے 144.7 ارب ڈالر مختص کیے گئے، جن میں سے 137.3 ارب ڈالر خرچ ہوئے۔ یہ اخراجات یورپ کے تاریخی مارشل پلان سے بھی زیادہ تھے، تاہم افغان حکومتوں میں بدعنوانی تعمیرِ نو کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی رہی۔
رپورٹ کے مطابق جنگی کارروائیوں پر 763 ارب ڈالر جبکہ افغان سیکیورٹی فورسز کے لیے 90 ارب ڈالر مختص کیے گئے۔ اس بھاری سرمایہ کاری کے باوجود افغان فورسز غیر ملکی افواج پر انحصار ختم نہ کر سکیں اور امریکی انخلا کے بعد تیزی سے منتشر ہو گئیں۔
انسپکٹر جنرل کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ افغان سیکیورٹی اداروں میں ہزاروں گھوسٹ ملازمین موجود رہے، جبکہ ایندھن سمیت دیگر وسائل کی بڑے پیمانے پر چوری ہوتی رہی۔ افغان فورسز کو گاڑیاں، ہزاروں عسکری آلات اور 162 طیارے فراہم کیے گئے، تاہم امریکی انخلا کے بعد یہ تمام سازوسامان افغانستان میں چھوڑ دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے 12.16 ارب ڈالر کے وعدے کیے، جبکہ انسدادِ منشیات پروگرام پر 7.3 ارب ڈالر خرچ ہونے کے باوجود کوئی مؤثر نتائج حاصل نہ ہو سکے۔ اسی طرح اسٹیبلائزیشن پروگرامز پر 4.7 ارب ڈالر خرچ کیے گئے، مگر نتائج مایوس کن رہے۔
افغان جنگ کے دوران 2,450 سے زائد امریکی فوجی ہلاک اور 20,700 زخمی ہوئے۔ امریکی انخلا کے بعد افغان مہاجرین کی امریکا منتقلی کے لیے 14.2 ارب ڈالر مختص کیے گئے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سقوطِ کابل کے بعد امریکا نے چار سالوں میں طالبان حکومت کو 3.83 ارب ڈالر کی امداد فراہم کی، جس میں صرف مارچ 2025 کی ایک سہ ماہی میں 120 ملین ڈالر شامل تھے۔
اس کے علاوہ عالمی عطیہ دہندگان نے امریکی انخلا کے بعد اقوام متحدہ کے تحت چلنے والے منصوبوں کے لیے 8.1 ارب ڈالر فراہم کیے۔ افغان ری کنسٹرکشن ٹرسٹ فنڈ کے تحت 1.5 ارب ڈالر کے چھ منصوبے فعال ہیں، جبکہ رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ طالبان حکومت ان امدادی رقوم پر ٹیکس اور لیویز وصول کرتی رہی۔
رپورٹ مجموعی طور پر افغانستان میں امریکی مداخلت، بھاری اخراجات اور مطلوبہ نتائج کے درمیان واضح تضاد کو اجاگر کرتی ہے۔
متعلقہ عنوانات
اماراتی صدر سے امریکی وزیر داخلہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات و علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
22 November 2026
امریکا اور کینیڈا کی افواج کے درمیان تعاون محدود کرنے کا مبینہ خفیہ میمو سامنے آگیا
22 November 2026
ٹرمپ کا یورپی ممالک کو یوکرین جنگ پر اخراجات کم کرنے کا مشورہ
22 November 2026
امریکہ نے ایران کا ایف 16 طیارے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ مسترد کر دیا
22 November 2026
امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے کرائم انفارمیشن سینٹر کا ڈیٹا بیس ہیک ہو گیا
22 November 2026
ٹرمپ کا ایران کے ساتھ مستقل جوہری معاہدہ کرنے کا اعلان
21 November 2026
امریکا، ایران تنازع کا حل جلد نکلنے کی امید ہے، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈارکا یورو نیوز کو انٹرویو
21 November 2026
امریکی ایف بی آئی کا حساس جرائم کا ڈیٹا بیس ہیک کرلیا گیا
21 November 2026