سینیٹ اجلاس: بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ، رولز میں ترمیم منظور، یومِ یکجہتی کشمیر کی قرارداد متفقہ طور پر منظور
Web Desk
6 February 2026
اسلام آباد: سینیٹ کے اجلاس میں اپوزیشن نے ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی کے معاملے پر افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ ایوان نے سینیٹ رولز میں ترمیم کی منظوری بھی دے دی۔ اجلاس میں یومِ یکجہتی کشمیر کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی۔
پریزائڈنگ افسر شہادت اعوان نے اجلاس کی صدارت کی۔ قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آئین میں درج حقوق عوام اور قیدیوں کو فراہم نہیں کیے جا رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی قید میں ہیں مگر انہیں معالجین اور اہلِ خانہ تک رسائی نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بیمار سیاستدانوں کو علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی، تو آج یہ امتیاز کیوں برتا جا رہا ہے؟ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کے چند ارکان کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے قائد حزب اختلاف کے نکات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی پر ملاقاتوں پر پابندی عائد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو اعتراض ہے تو وہ عدالت سے رجوع کرے۔
رانا ثناء اللہ نے پہیہ جام ہڑتال کو تشدد قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا 9 مئی کے واقعات پُرامن تھے؟ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کو ذاتی دشمنی اور گالی میں بدلنے کا آغاز پی ٹی آئی نے کیا اور جو بیج بوئے گئے ہیں اب ان کی فصل بھی کاٹنی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالت کے احکامات کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
سینیٹر ایمل ولی خان کے ریمارکس پر ایوان میں شدید شور شرابا ہوا اور پی ٹی آئی ارکان نے احتجاج کیا۔ پریزائڈنگ افسر نے ایوان کا نظم برقرار نہ رہنے پر اجلاس ملتوی کرنے کی وارننگ دی۔
بعد ازاں سینیٹ رولز میں عوامی پٹیشن سے متعلق ترمیم منظور کر لی گئی، جس پر مسلم لیگ (ن) کے بعض ارکان نے اعتراض کیا۔ پریزائڈنگ افسر سلیم مانڈی والا نے کہا کہ رولز میں تبدیلی کا مقصد عدالتی مداخلت ختم کرنا ہے اور اس ترمیم کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔ سینیٹ نے کثرت رائے سے ترمیم کی منظوری دے دی۔
اجلاس پیر کو شام چار بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
متعلقہ عنوانات
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک کا عمران خان کی فوری رہائی، مناسب سلوک اور سیاسی کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ
20 November 2026
این سی سی آئی اے کا آن لائن جوئے کیخلاف پاکستان کا سب سے بڑا آپریشن، 5 ملزمان گرفتار
19 November 2026
کوہاٹ میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کے الزامات: سینیٹر خرم ذیشان کا گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کو 5 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا فیصلہ
19 November 2026
کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی قیادت کا چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس آئی ایچ سی کو خط، عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا مطالبہ
19 November 2026
پٹرول ایک روپیہ فی لٹر مہنگا، ڈیزل کی قیمت برقرار
19 November 2026
زرمبادلہ کے ذخائر میں 1.50 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ
19 November 2026
بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات، ننکانہ صاحب میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان
19 November 2026
حکومت کیساتھ مذاکرات مکمل، پٹرولیم لیوی میں کمی کیلئے پیکیج تیار: لیاقت بلوچ
19 November 2026