چھوٹے صوبے یا بادشاہتیں اور ان پر ایک شہنشاہ، ایسے ملک نہیں چلے گا: سعد رفیق
Web Desk
20 November 2026
سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی سلطنتیں ضرور ختم ہونی چاہئیں، مگر ایسا نہ ہو کہ چھوٹی بادشاہتیں قائم کر دی جائیں اور ان پر شہنشاہ ایک ہی رہے؛ اس طرح نہ تو ملک چلے گا اور نہ ہی آگے بڑھے گا، اس لیے اس معاملے میں عجلت سے گریز کرنا مناسب ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے ایک تفصیلی پیغام میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ موجودہ بوسیدہ نظامِ حکمرانی کو محض چھوٹے صوبے بنا کر درست کرنے کی سوچ ناقابلِ فہم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چھوٹے صوبے بنانا ایک مثبت عمل ضرور ہے، لیکن پیشگی بنیادی اصلاحات کیے بغیر اس اقدام کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے شفاف نمائندہ جمہوریت کے تقاضے پورے کیے جائیں، سیاست میں غیر جمہوری مداخلت اور پیسے والوں کی حکمرانی کا خاتمہ کیا جائے، تعلیم یافتہ مڈل کلاس کے لیے سیاست میں آنے کا راستہ ہموار کیا جائے اور سول سروس سمیت عدالتی اصلاحات نافذ کی جائیں۔
خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں جاری شدید سیاسی تناؤ، دہشت گردی، افلاس کی انتہا، مفلوج نظامِ عدل، متنازع پارلیمنٹ اور غیر سیاسی مداخلت کی موجودگی میں ممکن ہے کہ چھوٹے صوبے بنا لیے جائیں، لیکن ایسا نظام ناپائیدار ہوگا اور ملک میں نئی پیچیدگیوں کو جنم دے گا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ بھوک، غربت، ناانصافی، دہشت گردی، بنیادی حقوق کی پامالی، سیاسی انتقام اور غیر آئینی عوامل کا خاتمہ ہے۔ اگر ملک کو درست سمت میں چلانا ہے تو پہلے ان مصائب سے قوم کی جان چھڑائی جائے اور جلد بازی سے کام لے کر چھوٹے صوبے بنانے جیسے ترقی پسند اقدام کو متنازع نہ بنایا جائے۔ آخر میں انہوں نے سوال اٹھایا کہ آیا اس معاملے پر کوئی قائل کرنے والا یا قائل ہونے والا موجود ہے بھی یا نہیں۔
متعلقہ عنوانات
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی، وزیراعظم شہباز شریف کی قومی ٹیم کو مبارکباد
20 November 2026
علیمہ خان کی نظر بندی سے متعلق درخواست جلد سماعت کے لیے منظور
20 November 2026
پنجاب کے ہر ضلع میں کیتھ لیب، چلڈرن ہسپتال قائم کرنا چاہتے ہیں: مریم نواز
20 November 2026
معاشی ترقی کی باگ ڈور نجی شعبے کو دینا ہوگی: مشیر نجکاری محمد علی
20 November 2026
کراچی: لانڈھی میں گھر کے اندر فائرنگ، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق
20 November 2026
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر مثبت رجحان
20 November 2026
اسلام آباد پولیس کی SWAT فورس کو 20 نئی گاڑیاں فراہم کر دی گئیں
20 November 2026
پاکستان اور مالدیپ کے درمیان بحری تجارت اور تعاون بڑھانے پر اتفاق
20 November 2026