وزیرِ اعظم نے پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا قیام کردیا
Web Desk
31 January 2026
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (PAFDA) کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے اتھارٹی کے مختلف شعبوں اور جدید لیبارٹریز کا معائنہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کو لیبارٹریز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ ایک دستاویزی فلم کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب کے اصلاحاتی اقدامات کا جامع احاطہ بھی پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ زرعی مصنوعات اور ادویات کی شفاف نگرانی کے لیے ایسی اتھارٹی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ PAFDA خطے میں سینٹر آف ایکسیلنس کے طور پر ابھرے گی۔
وزیراعظم نے پنجاب میں شفافیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور اصلاحاتی اقدامات پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سائنسدانوں اور ماہرین کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی صرف پنجاب نہیں بلکہ پورے ملک کی خدمت کے لیے قائم کی گئی ہے، جبکہ جرائم کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد فراہم کرنے کے لیے فرانزک لیبارٹریز کا جال بچھایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا قیام عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور صوبے میں ڈیجیٹل انقلاب کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ میرٹ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام کی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور جدید لیبارٹریز نہ ہونے کی وجہ سے ماضی میں برآمد کنندگان اور صارفین دونوں کو نقصان اٹھانا پڑتا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیٹلائٹ کرائم سین یونٹس کا دائرہ کار 38 اضلاع تک بڑھایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ PAFDA دس سالہ محنت کا ثمر ہے اور ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا نہ ہونا ایک لمحہ فکریہ تھا۔