واشنگٹن میں یوروایشیا شارٹس 2026 فلم فیسٹیول؛ پاکستان کی پہلی بار شرکت،
Web Desk
11 June 2026
واشنگٹن ڈی سی: امریکہ میں قائم پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام واشنگٹن ڈی سی میں “یوروایشیا شارٹس 2026 فلم فیسٹیول” (EuroAsia Shorts 2026 Film Festival) کا انتہائی کامیاب انعقاد کیا گیا ہے۔ واشنگٹن میں مقیم مختلف ممالک کے سفارت خانوں اور ثقافتی مراکز کے باہمی تعاون سے منعقد ہونے والے اس سالانہ شارٹ فلم فیسٹیول میں پاکستان نے تاریخ میں پہلی مرتبہ شرکت کی ہے، جہاں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی پاکستانی فلموں نے عالمی برادری کے دل جیت لیے۔
اس باوقار فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز میزبان ملک امریکہ، پاکستان اور فرانس کے قومی ترانوں کی خوبصورت دھنوں سے کیا گیا۔ تقریب میں امریکی محکمہ خارجہ (State Department)، سفارتی برادری، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان اور نوجوانوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی اور متنوع تعداد نے شرکت کی اور روایتی پاکستانی مہمان نوازی اور ثقافت کی کھل کر تعریف کی۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (PTV) کے باہمی تعاون سے فیسٹیول کے دوران پاکستان اور فرانس کی دو دو بہترین شارٹ فلمیں دکھائی گئیں۔ پاکستان نے اپنی مختصر فلموں کے ذریعے قومی عزم، استقامت، تنوع اور معاشرتی طاقت کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ وہاں موجود پرجوش شرکاء اور نوجوانوں نے ایوارڈ یافتہ فلم سازوں کے شاندار سنیماٹک مکالمے کا بھرپور لطف اٹھایا۔اس موقع پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے فلم فیسٹیول کے شرکاء سے اپنے خصوصی خطاب میں پاکستان کے تاریخی و ثقافتی پس منظر پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ان کی گفتگو کے اہم نکات درج ذیل ہیں:پاکستان کی جانب سے اس بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی ہمارے ثقافتی مکالمے اور عالمی تخلیقی تعاون سے وابستگی کا واضح اظہار ہے۔ پاکستان کی تخلیقی صلاحیتیں ہزاروں سال پرانی تاریخ سے جڑی ہیں، مہرگڑھ سے لے کر وادیِ سواں تک ہماری تہذیب علم، فن اور اعلیٰ تخلیقی صلاحیتوں کی روشن علامت رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک قدیم تہذیب کا حامل ملک ضرور ہے لیکن پسماندہ نہیں، ہم نے ہمیشہ علم، وسعتِ قلبی اور لبرل ازم کے جذبے کی آبیاری کی ہے۔ آج سکرین پر پیش کی جانے والی کہانیاں محض کوئی افسانہ نہیں بلکہ پاکستانی معاشرے کی حقیقی زندگی کے سچے اور متاثر کن واقعات ہیں، جن کے ذریعے ہم پاکستان سے متعلق دنیا میں قائم دقیانوسی تصورات (Stereotypes) کو حقیقی انسانوں کی جدوجہد اور ان کی کامیابیوں کی کہانیوں سے بدلنا چاہتے ہیں۔سفیرِ پاکستان نے زور دے کر کہا کہ یہ فلمیں اس بات کا عملی ثبوت ہیں کہ پاکستان اپنے اقلیتی طبقات کے حقوق، تنوع اور سماجی شمولیت کے تحفظ کے لیے زمینی سطح پر عملی اقدامات اٹھانے پر یقین رکھتا ہے۔ تخلیقی صلاحیتیں مختلف تہذیبوں اور قوموں کے درمیان مضبوط پل تعمیر کرتی ہیں اور پاکستان مستقبل میں بھی اس عالمی ثقافتی سفر کا فعال حصہ رہے گا۔ انہوں نے شرکاء کو دعوت دی کہ “آئیں ہم سب مل کر ایک ساتھ اور آج سے اسی جگہ تخلیقی صلاحیتوں کا جشن منائیں” فیسٹیول کے اختتام پر الائنس فرانسیز (Alliance Française) کی ڈپٹی اور اکیڈمک ڈائریکٹر آمنہ مدجلسی نے سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ اور پاکستانی سفارت خانے کے عملے کو اس کامیاب اور یادگار تقریب کے شاندار انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کی، جبکہ شرکاء نے پاکستانی سفارت خانے کی شاندار میزبانی کو بے حد سراہا۔
متعلقہ عنوانات
بگز بنی اور ڈیفی ڈک کی آواز دینے والے معروف وائس آرٹسٹ انتقال کرگئے
26 October 2026
کولمبین گلوکارہ نے اسرائیلی پرچم پاؤں تلے روندتے ہوئے آزاد فلسطین کے نعرے لگا دئیے
26 October 2026
مکہ دفاعی اتحاد کے اعلیٰ حکام آج ایرانی قیادت سے ملاقات کریں گے
26 October 2026
ٹرمپ کی اسرائیلی عوام سے جنگی مجرم نیتن یاہو کو ووٹ دینے کی اپیل
26 October 2026
امریکی سینٹکام کمانڈر کا آبنائے ہرمز کا دورہ، سمندری بارودی سرنگیں ہٹانے کا دعویٰ
26 October 2026
ایران سے معاہدہ کروں یا اسے ہمیشہ کیلئے ختم کردوں: ٹرمپ کا بڑا بیان
26 October 2026
فلمی ادارے میں احتجاج پر نصیرالدین شاہ کی حمایت، بی جے پی کا تحقیقات کا مطالبہ
26 October 2026
شکاگو میں پاک-امریکہ ٹیک کنیکٹ 2026 کا انعقاد: پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کے امریکی مارکیٹ کے ساتھ شراکت داری بڑھانے پر زور
25 October 2026