نوازشریف اور مریم نواز دو روزہ دورے پر وادیٔ نیلم پہنچ گئے
Web Desk
18 November 2026
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف دو روزہ دورے پر آزاد کشمیر کی حسین وادیٔ نیلم پہنچ گئے ہیں، جہاں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر اور رکن قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر ان کی میزبانی کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز شریف نے گزشتہ رات وادیٔ نیلم کے دلکش علاقے تہجیاں میں قیام کیا، جبکہ دورے کے دوسرے روز آج وہ وادی کے آخری سیاحتی مقام تاوبٹ روانہ ہوں گے۔ برف پوش پہاڑوں، سرسبز ڈھلوانوں، دیودار کے بلند و بالا درختوں، آبشاروں اور دریائے نیلم کے نیلگوں پانی کے باعث شہرت رکھنے والا علاقہ تاوبٹ قدرت کے حسین شاہکاروں میں شمار ہوتا ہے۔ مظفرآباد سے تقریباً 200 کلومیٹر طویل وادی کے آخری سرے پر واقع یہ علاقہ اپنی قدرتی دلکشی، منفرد جغرافیائی اہمیت اور پُرسکون ماحول کے باعث سیاحوں کی خصوصی توجہ کا مرکز رہتا ہے۔
نواز شریف اور مریم نواز شریف آج تہجیاں سے تاوبٹ جائیں گے جہاں وہ وادی کے قدرتی حسن، گھنے جنگلات اور سیاحتی مقامات کا مشاہدہ کریں گے۔ اس دورے کا ایک انتہائی خاص پہلو دریائے نیلم کے کنارے جنگلات کے درمیان دیودار کی لکڑی سے تعمیر کیا گیا خوبصورت گیسٹ ہاؤس بھی ہے، جس کی تعمیر 2016ء میں اس وقت کی گئی تھی جب میاں نواز شریف وزیراعظم پاکستان تھے۔
محکمہ جنگلات آزاد کشمیر نے اس وقت ان کے متوقع دورے کے پیشِ نظر لائن آف کنٹرول کے قریب دریائے نیلم کے کنارے قدرتی ماحول سے ہم آہنگ یہ دیدہ زیب گیسٹ ہاؤس تعمیر کیا تھا، تاہم نواز شریف اس وقت مصروفیات کے باعث وہاں نہیں جا سکے تھے۔ تقریباً دس سال قبل تعمیر ہونے والا یہ لکڑی کا گیسٹ ہاؤس اپنے منفرد طرزِ تعمیر اور قدرتی ماحول میں خوبصورتی سے گھل مل جانے کے باعث توجہ کا مرکز ہے۔
آج نواز شریف پہلی مرتبہ اس گیسٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے اور وہاں کچھ وقت گزاریں گے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی ان کے ہمراہ ہوں گی، تاہم ان کا رات کا قیام دوبارہ تہجیاں میں ہی ہوگا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق وادیٔ نیلم کا یہ دورہ محض ایک سیاحتی سرگرمی نہیں بلکہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی سیاسی سرگرمیوں اور تنظیم سازی کے حوالے سے بھی غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
متعلقہ عنوانات
معاشی استحکام اور برآمدی مسابقت پائیدار ترقی کیلئے ضروری ہے: گورنر سٹیٹ بینک
18 November 2026
ریفرنڈم کوئی غیر آئینی مطالبہ نہیں جمہوری راستہ ہے: طارق فضل چوہدری
18 November 2026
پمز میں تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کا چھاپہ، ریکارڈ فراہم کردیا گیا: ترجمان
18 November 2026
محمود خان اچکزئی سے راجہ ناصر عباس اور مصطفیٰ نواز کھوکھر کی ملاقات
18 November 2026
وزارت خارجہ میں گندھارا سٹریٹجک ڈائیلاگ کا آغاز، آٹھ ایشیائی ممالک کے وفود شریک
18 November 2026
فضائی آلودگی، لاہور دنیا بھر میں دوسرے جبکہ کراچی ساتویں نمبر پر
18 November 2026
حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کردی
18 November 2026
امریکہ میں کم عمر بچی کو آن لائن جنسی استحصال کی دھمکیاں دینے والا ملزم گرفتار
18 November 2026