سہ فریقی ملاقات سے غیر معمولی توقعات نہیں، مشترکہ اعلامیے پر کام جاری ہے: کریملن
Web Desk
18 November 2026
روسی صدارتی دفتر کریملن نے کہا ہے کہ چین میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم (APEC) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مکمل اور باضابطہ دوطرفہ مذاکرات کا امکان کم ہے، تاہم دونوں رہنماؤں کے درمیان مختصر ملاقات میں یوکرین تنازع اور ایران کی صورتحال سمیت اہم عالمی معاملات پر تبادلہ خیال ہو سکتا ہے۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس، امریکہ اور چین کے صدور کی آئندہ سہ فریقی ملاقات سے ماسکو کو کوئی غیر معمولی توقعات وابستہ نہیں ہیں، بلکہ روس اس ملاقات کو عملی اور حقیقت پسندانہ نقطہ نظر سے دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 19 نومبر کو صدر پوتن، صدر ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ہونے والی سہ فریقی ملاقات میں پہلے سے طے شدہ معاملات کے ساتھ دیگر اہم موضوعات پر بھی خیالات کا تبادلہ متوقع ہے، جبکہ اجلاس کے بعد ممکنہ مشترکہ اعلامیے کی تیاری پر بھی کام جاری ہے تاہم آخری لمحے تک اس بارے میں حتمی بات نہیں کی جا سکتی۔
دمتری پیسکوف نے واضح کیا کہ اے پی ای سی سربراہی اجلاس کے موقع پر پوتن اور ٹرمپ کی علیحدہ دوطرفہ ملاقات کے لیے ابھی کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا کیونکہ کثیرالجہتی اجلاس میں تفصیلی مذاکرات کا موقع کم ہوتا ہے۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ آج 18 نومبر کی شام چینی صدر شی جن پنگ کی میزبانی میں ہونے والی باضابطہ تقریب میں دونوں رہنما ضرور ملیں گے، جہاں سلام دعا اور ابتدائی مختصر گفتگو متوقع ہے جس میں بنیادی موضوع یوکرین تنازع اور ایران کی کشیدہ صورتحال ہو سکتی ہے۔
امریکہ کے شہر میامی میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں صدر پوتن کی شرکت سے متعلق سوال پر کریملن ترجمان نے کہا کہ اس کا حتمی فیصلہ تمام حالات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا اور ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی گفتگو بھی اس فیصلے پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
یورپی ممالک کے کردار پر بات کرتے ہوئے دمتری پیسکوف نے کہا کہ روس یورپ کی جانب سے مسلسل جارحانہ بیانات دیکھ رہا ہے اور ماسکو کو تحفظات ہیں کہ محاذ آرائی کی زبان بولنے والے یورپی نمائندوں کی مذاکرات میں شرکت سے یوکرین تنازع کے پُرامن حل میں مدد ملے گی یا نہیں۔ انہوں نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس اور برطانوی حکام کے بیانات کو محاذ آرائی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب کے علاوہ دیگر یورپی رہنماؤں سے امن کے عملی راستے کی بات سننے کو نہیں ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی اقدامات ہمیشہ کامیاب نہ سہی مگر واشنگٹن کم از کم امن کی تجاویز پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ یورپی مذاکرات کاروں کا انتخاب برسلز کا اپنا معاملہ ہے۔
متعلقہ عنوانات
معاشی استحکام اور برآمدی مسابقت پائیدار ترقی کیلئے ضروری ہے: گورنر سٹیٹ بینک
18 November 2026
ریفرنڈم کوئی غیر آئینی مطالبہ نہیں جمہوری راستہ ہے: طارق فضل چوہدری
18 November 2026
پمز میں تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کا چھاپہ، ریکارڈ فراہم کردیا گیا: ترجمان
18 November 2026
محمود خان اچکزئی سے راجہ ناصر عباس اور مصطفیٰ نواز کھوکھر کی ملاقات
18 November 2026
وزارت خارجہ میں گندھارا سٹریٹجک ڈائیلاگ کا آغاز، آٹھ ایشیائی ممالک کے وفود شریک
18 November 2026
فضائی آلودگی، لاہور دنیا بھر میں دوسرے جبکہ کراچی ساتویں نمبر پر
18 November 2026
حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کردی
18 November 2026
امریکہ میں کم عمر بچی کو آن لائن جنسی استحصال کی دھمکیاں دینے والا ملزم گرفتار
18 November 2026