سسٹم ری سیٹ پر یہ سوال اٹھایا، نظام کی تباہی شروع کہاں سے ہوئی؟ بلاول بھٹو
Web Desk
18 November 2026
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انہوں نے ’’سسٹم ری سیٹ‘‘ کے معاملے پر یہ بنیادی سوال اٹھایا تھا کہ آخر ملکی نظام کی یہ تباہی شروع کہاں سے ہوئی، جبکہ اس بحث کا آغاز انہوں نے نہیں بلکہ محسن نقوی نے کیا تھا۔
ایک نجی ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محسن نقوی ان کے بھائی ہیں اور وہ ان کا بے حد احترام کرتے ہیں، تاہم نظام کے ری سیٹ پر رائے دینا صرف محسن نقوی کا حق نہیں بلکہ انہیں بھی یہ کہنے کا پورا حق حاصل ہے کہ نظام میں کسی بھی تبدیلی کا عمل مکمل طور پر جمہوری اور آئینی ہونا چاہیے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور محسن نقوی کی نواب شاہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران نئے صوبوں کے قیام سے متعلق گفتگو کی خبروں کو بھی دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایوانِ صدر کی جانب سے پہلے ہی وضاحت جاری کی جا چکی ہے کہ اس ملاقات میں صوبوں کے قیام پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کرانے کی تجویز پر ایک بار پھر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور آئین کے آرٹیکل 234 کا حوالہ دیتے ہوئے اسے غیر آئینی قرار دیا۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ موجودہ سیاسی نظام کے ایک اہم اسٹیک ہولڈر ہونے کے باوجود نئے صوبوں کے لیے ریفرنڈم کی تجویز پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد بھی مکمل آئینی طریقے سے لائی گئی تھی، اس لیے آئین کو ایک طرف رکھ کر ریفرنڈم کرانا کسی صورت مناسب نہیں ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے انتخابی عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملک میں انتخابی اصلاحات ہونی ہیں تو اس سے قبل ریفرنڈم یا نئے انتخابات کرانے کی بات کیسے ممکن ہے؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ الیکشن کمیشن اور انتخابی عمل کی ساکھ جتنی خراب آج ہے، ملکی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں رہی، اور یہ پہلی بار ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکومتی جماعت کے رہنما اور اتحادی بھی انتخابی دھاندلی کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب کوئی بھی موجودہ نظام میں صاف اور شفاف انتخابات پر یقین کرنے کو تیار نہیں تو ایسے نظام کے تحت ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی حقیقی رائے کیسے سامنے آ سکتی ہے؟
نئے صوبوں کے طریقہ کار پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سے متعلق پنجاب اسمبلی میں قرارداد منظور ہو چکی ہے، اور جس معاملے پر عوام کے منتخب نمائندے متفق ہوں فیصلہ بھی اسی کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کے عوام سے یہ نہیں پوچھا جا سکتا کہ پنجاب میں نیا صوبہ ہونا چاہیے یا نہیں، اور اسی طرح کسی دوسرے صوبے کے عوام سے سندھ میں نئے صوبے کے قیام پر رائے نہیں لی جا سکتی۔
ملکی معیشت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا کہ عالمی حالات کے باعث پاکستان کو اس وقت عام معاشی بحران نہیں بلکہ ایک سنگین معاشی آفت کا سامنا ہے جس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، لہٰذا تمام اسٹیک ہولڈرز کی سو فیصد توجہ عوام کو فوری معاشی ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہونی چاہیے۔
متعلقہ عنوانات
معاشی استحکام اور برآمدی مسابقت پائیدار ترقی کیلئے ضروری ہے: گورنر سٹیٹ بینک
18 November 2026
ریفرنڈم کوئی غیر آئینی مطالبہ نہیں جمہوری راستہ ہے: طارق فضل چوہدری
18 November 2026
پمز میں تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کا چھاپہ، ریکارڈ فراہم کردیا گیا: ترجمان
18 November 2026
محمود خان اچکزئی سے راجہ ناصر عباس اور مصطفیٰ نواز کھوکھر کی ملاقات
18 November 2026
وزارت خارجہ میں گندھارا سٹریٹجک ڈائیلاگ کا آغاز، آٹھ ایشیائی ممالک کے وفود شریک
18 November 2026
فضائی آلودگی، لاہور دنیا بھر میں دوسرے جبکہ کراچی ساتویں نمبر پر
18 November 2026
حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کردی
18 November 2026
امریکہ میں کم عمر بچی کو آن لائن جنسی استحصال کی دھمکیاں دینے والا ملزم گرفتار
18 November 2026