مستقبل میں سمارٹ گلاسز کے بغیر زندگی کا تصور مشکل ہوگا، مارک زکربرگ
Web Desk
31 January 2026
فیس بک کے بانی اور میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ مستقبل میں بغیر سمارٹ گلاسز کے زندگی کا تصور کرنا مشکل ہوگا۔
زکربرگ نے یہ بات میٹا کی مالی سال 2025 کی سہ ماہی رپورٹ پیش کرنے کی تقریب میں کہی اور کمپنی کے اے آئی سمارٹ گلاسز کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ دنیا میں اربوں لوگ نظر کی اصلاح کے لیے چشمہ یا کانٹیکٹ لینس استعمال کرتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ اسمارٹ فونز کی طرح چند برسوں میں زیادہ تر چشمے اے آئی اسمارٹ گلاسز کی شکل اختیار کرلیں گے۔
مارک زکربرگ کے مطابق میٹا کے اسمارٹ گلاسز کی فروخت پچھلے سال میں 3 گنا بڑھ گئی اور یہ الیکٹرانکس کی تاریخ میں سب سے تیز رفتار ترقی کرنے والے آلات میں شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گوگل، ایپل اور اسنیپ بھی اس سال اور آئندہ برسوں میں اسمارٹ گلاسز مارکیٹ میں داخل ہونے کی تیاری کررہے ہیں۔ میٹا نے مارکیٹ میں مختلف ماڈلز متعارف کرائے ہیں، جن میں اوکلے اسمارٹ گلاسز شامل ہیں، جو ورزش اور روزمرہ استعمال کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔