حکومت کا بجلی صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کے اضافی بوجھ سے بچانے کا فیصلہ
Web Desk
26 November 2026
حکومت نے ملک بھر کے بجلی صارفین کو ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے اضافی بوجھ سے بچانے کے لیے اکتوبر سے دسمبر 2026 تک کے تین ماہ کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کی شرح پیشگی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق تین ماہ کے لیے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ میں استحکام لانے کی تجویز پیش کی گئی ہے، جس کے تحت اکتوبر تا دسمبر فیول ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ محض 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ سہ ماہی بنیادوں پر فیول ایڈجسٹمنٹ طے کرنے سے صارفین کو بجلی کی قیمتوں میں اچانک اتار چڑھاؤ اور غیر یقینی صورتحال سے تحفظ ملے گا۔
ترجمان نے گزشتہ دو سال کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جب مارچ 2024 میں موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو بجلی کا قومی اوسط ٹیرف 53 روپے 4 پیسے فی یونٹ تھا، جس میں مارچ 2026 تک 8 روپے 76 پیسے کی نمایاں کمی کی گئی اور اوسط ٹیرف 44 روپے 28 پیسے فی یونٹ پر آ گیا۔ اسی طرح صنعتی شعبے کے لیے بجلی کا ٹیرف 62 روپے 99 پیسے سے کم ہو کر 44 روپے 50 پیسے فی یونٹ رہ گیا، یوں دو سال کے دوران صنعتی بجلی کے نرخوں میں مجموعی طور پر 18 روپے 49 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران امریکا جنگ کے باعث عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں شدید اضافہ ہوا، تاہم حکومت نے اپریل سے ستمبر 2026 تک صارفین کو فی یونٹ 6 سے 7 روپے کے ممکنہ اضافی بوجھ سے بچائے رکھا اور اس تمام عرصے میں فیول اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اوسط اضافہ محض 2 روپے 38 پیسے فی یونٹ رہا۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ سردیوں کے موسم میں پن بجلی کی پیداوار کم ہونے کے باعث تھرمل ذرائع سے بجلی کی پیداوار پر انحصار بڑھ جاتا ہے اور بعض مہینوں میں تھرمل ایندھن کا حصہ 80 فیصد سے بھی تجاوز کر جاتا ہے۔ اسی صورتحال کے پیشِ نظر پاور ڈویژن نے فیول ایڈجسٹمنٹ کا نیا “فارورڈ لکنگ میکنزم” بھی تجویز کر دیا ہے، جس کی حتمی منظوری کے بعد نیپرا کو نئے طریقہ کار پر عملدرآمد کے لیے پالیسی گائیڈ لائنز جاری کی جائیں گی۔
متعلقہ عنوانات
پنجابی زبان کی بحالی کیلئے یونیورسٹیوں میں تدریس اور فنڈ کے قیام کی تجویز
26 November 2026
کراچی میں آٹے کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری
26 November 2026
غیر ملکی وفود کی آمد، اسلام آباد میں آج مقامی تعطیل کا اعلان
26 November 2026
آبنائے ہرمز میں ہماری کارروائیوں سے امریکا شدید دباؤ میں ہے: ایران
26 November 2026
شہرِ قائد میں پانچ سال کے دوران عمارتیں گرنے کے 15 بڑے واقعات
26 November 2026
بجلی 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان
26 November 2026
اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد روکنے کے حکم امتناع میں 2 ہفتے کی توسیع
26 November 2026
اسلام آباد میں یکم دسمبر سے نقد لین دین بند کرنے کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری
26 November 2026