بیوی پر ذہنی و جسمانی تشدد ظلم، حق مہر بھی ملے گا: لاہور ہائیکورٹ
Web Desk
26 November 2026
لاہور ہائیکورٹ نے خلع اور تشدد کی بنیاد پر تنسیخِ نکاح سے متعلق ایک اہم اور نظیر ساز فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ شوہر کی جانب سے بیوی کو جسمانی، ذہنی یا جذباتی تشدد کا نشانہ بنانا قانونی طور پر ظلم کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ ظلم اور تشدد کی بنیاد پر شادی ختم ہونے کی صورت میں خاتون اپنے طے شدہ حق مہر سے محروم نہیں ہوگی، جبکہ عدالت نے شوہر کو بیوی کو 5 لاکھ روپے خصوصی ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال نے مریم ظفر نامی خاتون کی درخواست پر 10 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ عدالتِ عالیہ نے ماتحت عدالتوں کے خلع کی بنیاد پر تنسیخِ نکاح کے سابقہ فیصلے میں ترمیم کرتے ہوئے شوہر کے ذہنی اور جسمانی تشدد کی بنیاد پر نکاح ختم کرنے کا حکم صادر کیا۔
عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ ظلم اور تشدد کا تصور محض جسمانی تشدد تک محدود نہیں بلکہ ذہنی اور جذباتی اذیت بھی اسی زمرے میں آتی ہے۔ فیصلے کے مطابق بیوی کو ذہنی اذیت دینا، تضحیک کرنا، توہین آمیز رویہ اختیار کرنا اور مسلسل نظرانداز کرنا بھی ظلم شمار ہوگا کیونکہ ازدواجی زندگی کی بنیاد اعتماد، احترام اور باہمی عزت پر قائم ہوتی ہے۔
فیصلے میں درج تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاتون نے عدالت کو بتایا کہ شادی کے دو سال بعد بھی اولاد نہ ہونے پر اسے سسرال اور شوہر کی جانب سے مسلسل طعنے دیے جاتے رہے۔ بعد ازاں میاں بیوی نے رضاکارانہ طور پر طبی معائنے کروائے جن کی رپورٹس میں شوہر میں اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت سے متعلق نقص سامنے آیا، تاہم خاتون کے مشورے کے باوجود شوہر نے علاج نہ کروایا اور طبی طور پر ان فٹ رہا۔
لاہور ہائیکورٹ نے آبزرویشن دی کہ ماتحت عدالتوں نے خاتون کے بیان، گواہوں اور میڈیکل رپورٹس کا درست انداز میں جائزہ نہیں لیا، حالانکہ درخواست گزار نے ٹھوس شواہد کی روشنی میں شوہر کی جانب سے جسمانی اور ذہنی تشدد کو ثابت کیا۔ عدالت نے خاتون کو نکاح نامے میں طے شدہ حق مہر وصول کرنے کا حقدار قرار دیتے ہوئے شوہر کو 5 لاکھ روپے خصوصی ہرجانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق خاتون سال 2020 سے اپنے حق مہر، جہیز اور تنسیخِ نکاح سمیت دیگر قانونی حقوق کے حصول کے لیے عدالتی جنگ لڑ رہی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ازدواجی رشتے میں ذہنی اور جذباتی تشدد کو قانونی طور پر ظلم تصور کیا جا سکتا ہے اور ایسی بنیاد پر نکاح ختم ہونے کی صورت میں خاتون اپنے مکمل حق مہر کی حقدار رہتی ہے۔
متعلقہ عنوانات
بجلی 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان
26 November 2026
اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد روکنے کے حکم امتناع میں 2 ہفتے کی توسیع
26 November 2026
اسلام آباد میں یکم دسمبر سے نقد لین دین بند کرنے کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری
26 November 2026
مریم نواز کی فائرنگ سے زخمی پولیس افسر کو ویڈیو کال، مکمل علاج کی یقین دہانی
26 November 2026
بلوچستان میں پی سی ایس امتحانات کے مواقع بڑھانے کا فیصلہ
26 November 2026
پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا ہدف
26 November 2026
ویلیو ایڈڈ سمندری خوراک کی برآمدات بڑھانے کیلئے کمیٹی قائم
26 November 2026
پاکستان کا نئی پالیسی کے تحت ایل پی جی سیکٹر کو آگے بڑھانے کا فیصلہ
26 November 2026