روزانہ طویل وقت گاڑی چلانا دل کی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے: تحقیق
Web Desk
29 November 2026
روزانہ کام پر آنے جانے کے لیے کئی گھنٹے گاڑی چلانا طویل مدت میں دل کی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ ایک نئی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ دورانِ ڈرائیونگ ذہنی دباؤ اور بے چینی دل کی دھڑکن میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔
یونیورسٹی آف ہیوسٹن کے محققین کے مطابق روزانہ آٹھ گھنٹے گاڑی چلانے والے افراد میں ڈرائیونگ کے دوران بے چینی کی بلند سطح کے باعث دل کی دھڑکن اوسطاً ایک دھڑکن فی منٹ بڑھ سکتی ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ اس معمولی اضافے کے طویل مدتی اثرات دل کی صحت کے لیے اہم ہو سکتے ہیں، خصوصاً ان لاکھوں افراد کے لیے جو روزانہ ملازمت کے سلسلے میں طویل سفر کرتے ہیں۔
امریکی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 14 کروڑ ملازمین معمول کے مطابق کام پر آمدورفت کرتے ہیں، جن میں سے 69 فی صد افراد اکیلے گاڑی چلا کر سفر کرتے ہیں۔
تحقیق کے سینئر مصنف اور کمپیوٹر سائنس کے پروفیسر ایوانس پاولڈس کا کہنا ہے کہ گاڑی چلانے کے لیے مسلسل توجہ، فوری فیصلوں اور کسی بھی غیر متوقع صورتِ حال پر ردعمل دینے کی تیاری ضروری ہوتی ہے۔ ان کے مطابق بظاہر ڈرائیور گاڑی میں بیٹھا ہوتا ہے اور جسمانی طور پر زیادہ حرکت نہیں کر رہا ہوتا، لیکن اس کا دماغ مسلسل مصروف رہتا ہے اور اس ذہنی دباؤ کے اثرات دل کی دھڑکن میں بھی ظاہر ہوتے ہیں۔
پروفیسر پاولڈس نے کہا کہ لوگوں کے لیے کام پر جانا اور روزمرہ زندگی کی سرگرمیاں جاری رکھنا ضروری ہے، تاہم اس تحقیق کا مقصد یہ سمجھنا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران ذہنی اور جسمانی دباؤ کو کس طرح کم کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ نتائج روزانہ طویل سفر کرنے والے افراد میں ڈرائیونگ سے پیدا ہونے والے ذہنی دباؤ اور اس کے ممکنہ قلبی اثرات پر مزید تحقیق کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔
متعلقہ عنوانات
پاکستان میں صحت کا نظام نہیں بلکہ بیماریوں کے علاج کا نظام چل رہا ہے، مصطفیٰ کمال
29 November 2026
شہدادکوٹ میں خسرہ کی وبا پھیلنے سے تین کمسن بچے جاں بحق، درجنوں متاثر
28 November 2026
نئے صوبوں، انتظامی یونٹس ریاست اور عوام کی ضرورت ہے: مصطفیٰ کمال
28 November 2026
محسن نقوی کا نادرا میگا سنٹر شملہ پہاڑی کا دورہ، سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ
28 November 2026
دبئی میں وزن کم کرنے والی اہم دوا کی فروخت اور درآمد پر پابندی عائد
28 November 2026
سردیوں میں جوڑوں کا درد اور اکڑن کی شکایت، علاج کے مؤثر طریقے جانیے
27 November 2026
وزیراعظم کی پی سی ایس آئی آر لیبارٹریز کو عالمی معیار کی ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے کی ہدایت
27 November 2026
تمباکو کے پودے میں کینسر کی اہم دوا تیار کرنے میں سائنس دانوں کو کامیابی
27 November 2026