پاکستان میں صحت کا نظام نہیں بلکہ بیماریوں کے علاج کا نظام چل رہا ہے، مصطفیٰ کمال
Web Desk
29 November 2026
وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں حقیقی معنوں میں صحت کا نظام نہیں بلکہ بیماریوں کے علاج کا نظام چل رہا ہے، اور بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ بیماریوں کا بوجھ ملک کی قومی سلامتی اور معیشت کے لیے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔
کراچی میں بقائی انسٹیٹیوٹ آف ڈائیابیٹولوجی اینڈ اینڈوکرائنولوجی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں عمارتیں، ڈاکٹرز، طبی عملہ اور مشینری فراہم کرنا اصل ہیلتھ کیئر نہیں بلکہ ‘سک کیئر’ (بیماریوں کا علاج) ہے، جبکہ اصل ہیلتھ کیئر لوگوں کو بیمار ہونے سے بچانا ہے۔ ان کے مطابق لاکھوں روپے فیس لینے والے نجی اسپتال بھی مریضوں سے بھرے پڑے ہیں، بیڈز کی کمی کے باعث سفارشوں پر درخواستیں آتی ہیں اور محدود وسائل کے ساتھ صرف نئی عمارتیں یا ڈاکٹرز بڑھانے سے مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران امریکا، برطانیہ، یورپ، چین، بھارت اور ترکی جیسے ممالک کے نظام بھی دباؤ برداشت نہ کر سکے تھے، جبکہ پاکستان میں کسی وبا کے بغیر ہی مختلف امراض کے باعث اسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے جو نظام کو تباہی کے دہانے پر پہنچا سکتا ہے۔
اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ پاکستان کی آبادی 36 کروڑ تک پہنچ چکی ہے، سالانہ اضافے کی شرح ڈھائی فیصد اور شرح پیدائش 3.6 فیصد ہے، جس کے باعث ہر سال تقریباً 70 لاکھ بچے پیدا ہو رہے ہیں—یعنی ہر سال نیوزی لینڈ اور پانچ برس میں آسٹریلیا جتنی آبادی کا اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں ہر گلی کے کونے پر اسپتال بنا دیں تب بھی طبی ضروریات پوری نہیں ہو سکتیں۔
انہوں نے سیاستدانوں کے رویے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ صرف اسپتال بنا کر فیتے کاٹنے اور تختیاں لگانے کے بجائے موجودہ اسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی اور مریضوں کا رش کم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کے مطابق پاکستان میں ہر سال 11 ہزار مائیں دورانِ حمل اور زچگی، جبکہ تقریباً چار لاکھ بچے (یومیہ لگ بھگ 1300 بچے) جان کی بازی ہار جاتے ہیں، جن میں سے بیشتر اموات قابلِ تدارک ہیں۔ ماؤں کی غذائی قلت کے باعث کمزور بچوں کی پیدائش ہو رہی ہے اور ملک میں 43 فیصد بچے کم عمری میں نشوونما کی کمی کا شکار ہیں، جو معیشت اور مستقبل کے لیے بڑا چیلنج ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ غیر صحت مند طرزِ زندگی، رات دیر سے کھانے اور صبح دیر تک سونے کی عادات سے بیماریوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے، جبکہ انسانی جسم ایک فطری نظام کے تحت چلتا ہے۔ انہوں نے طبی ماہرین پر زور دیا کہ وہ طرزِ زندگی سے متعلق رہنما اصول مرتب کریں، اسپتال آنے والے ہر فرد کو احتیاطی آگاہی دیں اور صوبائی وزرائے تعلیم پرائمری نصاب میں صحت مند طرزِ زندگی کی تعلیم شامل کریں تاکہ بچوں کے ذریعے والدین کی عادات میں بھی تبدیلی لائی جا سکے۔
ذیابیطس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 40 لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور ملک گیر اسکریننگ کے بعد یہ تعداد 10 کروڑ تک بھی جا سکتی ہے، جبکہ ذیابیطس گردوں، آنکھوں اور دیگر اعضا کو متاثر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس اور ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کے لیے وزیراعظم کا پروگرام شروع کیا گیا ہے اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے مسلسل عوامی آگاہی اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
متعلقہ عنوانات
روزانہ طویل وقت گاڑی چلانا دل کی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے: تحقیق
29 November 2026
شہدادکوٹ میں خسرہ کی وبا پھیلنے سے تین کمسن بچے جاں بحق، درجنوں متاثر
28 November 2026
نئے صوبوں، انتظامی یونٹس ریاست اور عوام کی ضرورت ہے: مصطفیٰ کمال
28 November 2026
محسن نقوی کا نادرا میگا سنٹر شملہ پہاڑی کا دورہ، سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ
28 November 2026
دبئی میں وزن کم کرنے والی اہم دوا کی فروخت اور درآمد پر پابندی عائد
28 November 2026
سردیوں میں جوڑوں کا درد اور اکڑن کی شکایت، علاج کے مؤثر طریقے جانیے
27 November 2026
وزیراعظم کی پی سی ایس آئی آر لیبارٹریز کو عالمی معیار کی ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے کی ہدایت
27 November 2026
تمباکو کے پودے میں کینسر کی اہم دوا تیار کرنے میں سائنس دانوں کو کامیابی
27 November 2026