وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خلا باز محمد ذیشان سے براہ راست رابطہ، حوصلہ بڑھایا
Web Desk
28 November 2026
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے خلائی اسٹیشن ’’تیانگونگ‘‘ پر موجود پاکستان کے پہلے خلاباز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی سے براہِ راست گفتگو کی ہے، جسے پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کے حوالے سے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے پاکستان کے خلائی تحقیقی ادارے ’’سپارکو‘‘ (SUPARCO) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے مدارِ زمین میں موجود پاکستانی خلاباز سے براہِ راست رابطہ کر کے گفتگو کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعثِ فخر ہے؛ محمد ذیشان علی پہلے پاکستانی خلاباز ہیں اور ان کی یہ کامیابی پوری قوم کے لیے ایک عظیم اعزاز ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے ایسے باصلاحیت نوجوانوں پر فخر ہے جن کے حوصلے ستاروں سے آگے پرواز کرتے ہیں۔
اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ونگ کمانڈر ذیشان علی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور مسلح افواج کو آپ کی اس تاریخی کامیابی پر فخر ہے کہ پاکستان کا سپوت خلا میں پہنچا اور یہ عظیم کارنامہ سرانجام دیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہے جو ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے، اور اب یہ دوستی کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے، جبکہ خلا میں پاکستانی کی موجودگی نوجوانوں کے لیے علامہ اقبال کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔
مدارِ زمین سے گفتگو کرتے ہوئے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے کہا کہ زمین سے 400 کلومیٹر کی بلندی پر 7.9 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے گردش کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے انتہائی اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ انہوں نے قیادت کے حوصلہ افزا کلمات اور نیک تمناؤں پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ طے شدہ منصوبے کے مطابق چین کے خلائی اسٹیشن پر اپنی ذمہ داریاں اور تحقیقی کام پوری لگن سے سرانجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی 25 نومبر 2026ء کو چین کے ’’شینزو 24‘‘ (Shenzhou 24) خلائی مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچے تھے۔ وہ اس مشن میں بطور ’’پے لوڈ اسپیشلسٹ‘‘ شامل ہیں اور دو چینی خلابازوں تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ہمراہ مشترکہ سائنسی سرگرمیوں، تجرباتی آلات کی تنصیب اور خرد ثقلی (مائیکرو گریوٹی) ماحول میں مختلف سائنسی تجربات میں حصہ لے رہے ہیں۔
متعلقہ عنوانات
ایرانی بحریہ کا دو آئل ٹینکرز دوبارہ قبضے میں لینے کا دعویٰ
27 November 2026
موسمیاتی تبدیلی سے ہنہ جھیل کے قدرتی حسن کو خطرہ
26 November 2026
سینیگال افریقن کپ آف نیشنز 2025 کا چیمپئن قرار، مراکش کی اپیل مسترد
25 November 2026
آبنائے ہرمز میں 2 آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے
25 November 2026
سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ: پاکستان نے جنوبی کوریا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-2 سے ہرا دیا
25 November 2026
وزیراعظم سے گورنر کے پی کی ملاقات، عوامی فلاح و بہبود پر تبادلہ خیال
24 November 2026
نائیجیریا: لوگوں کو جنازے میں لے جانے والی کشتی الٹ گئی، 24 افراد ہلاک
23 November 2026
ملائیشیا سے واپس آنیوالے شوہر کو لینے 3بیویاں ایئرپورٹ پہنچ گئیں
17 November 2026