صائم ایوب کا کرکٹ سے عارضی وقفہ لینے کا فیصلہ، پی سی بی سے درخواست
Web Desk
22 November 2026
قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپننگ بیٹر صائم ایوب نے مسلسل ناکامیوں اور اعتماد میں کمی کے باعث کرکٹ سے عارضی وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے درخواست کی ہے کہ انہیں کچھ عرصے تک کھیل سے دور رہنے کی اجازت دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق صائم ایوب اپنے کیریئر کے مشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں۔ مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث انہیں قومی اسکواڈ سے ڈراپ کیا جا چکا ہے جبکہ وہ سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں بھی شامل نہیں ہیں، اور حالیہ دنوں میں انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے بھی گریز کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صائم ایوب نے پی سی بی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ وہ فی الحال کرکٹ کھیلنے کی ذہنی کیفیت میں نہیں ہیں۔ نوجوان بیٹر اپنے مسائل پر قابو پانے اور اعتماد بحال کرنے کے بعد ون ڈے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ٹورنامنٹ کے ذریعے دوبارہ میدان میں اترنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ صائم ایوب نے کیریبین ٹی ٹوئنٹی لیگ میں سنچری اسکور کرنے کے بعد انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم میں جگہ بنائی تھی، تاہم وہ دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہو گئے، جس سے ان کے اعتماد کو شدید دھچکا لگا۔ بعد ازاں مسلسل ناکامیوں کے باعث انہیں سہ ملکی ون ڈے سیریز کے اسکواڈ سے بھی باہر کر دیا گیا، جس کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر فارم بحال کریں گے مگر انہوں نے ڈومیسٹک مقابلوں میں حصہ نہیں لیا۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد سے صائم ایوب اپنے آخری پانچ ون ڈے میچز میں صرف 60 رنز بنا سکے، جبکہ رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد سے وہ کوئی نصف سنچری بھی اسکور نہیں کر پائے اور اس دوران ان کے اسکور بالترتیب 24، 19، 6، 14، 7، 21، 29 اور 8 رنز رہے۔ تمام فارمیٹس کے آخری 15 انٹرنیشنل میچز کی 16 اننگز میں انہوں نے محض 11.75 کی اوسط سے 188 رنز بنائے، جس میں ان کا بہترین انفرادی اسکور 33 رنز رہا۔
مسلسل مواقع ملنے کے باوجود فارم کی بحالی میں ناکامی کے بعد صائم ایوب نے اب اپنی ذہنی کیفیت بہتر بنانے اور اعتماد کی بحالی کے لیے کرکٹ سے عارضی وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے
متعلقہ عنوانات
ویمنز ایمرجنگ نیشز ٹرافی: پاکستان کی سکاٹ لینڈ کیخلاف شاندار کامیابی
22 November 2026
دورہ پاکستان کے اختتام پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ
22 November 2026
وزارتِ خارجہ اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے گالف ٹورنامنٹ کا انعقاد
22 November 2026
سلطان اذلان شاہ ہاکی، پاکستان کی لگاتار دوسری فتح
22 November 2026
جوش ہیزل ووڈ نے پیٹ کمنز کو کپتانی سے ہٹانے پر ٹیم چھوڑنے کا عندیہ دے دیا
21 November 2026
سری لنکا کرکٹ ٹیم کے آل فارمیٹ دورہ پاکستان کے اختتام پر مہمان ٹیم کے اعزاز میں پُروقار عشائیہ
21 November 2026
پی سی بی نے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا
21 November 2026
محمد عباس رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے
21 November 2026