LIVE TV
Watch Now
Gold:
Intl: /g (22K) PK: /g (22K)
Stocks:
NY: ▲ ▼
China: ▲ ▼
Pakistan: ▲ ▼
India: ▲ ▼
TV ONE Logo
اہم خبریں
پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کے نئے باب کا آغاز، توانائی کے معاہدوں پر دستخط کیمرے والے اسمارٹ گلاسز کی درآمد کیلئے مشروط اجازت مل گئی الیکشن کمیشن: عطاء تارڑ کیخلاف ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کا فیصلہ محفوظ چاند کی مٹی میں آلو اگانے کا کامیاب تجربہ بابا گرونانک کے 557 ویں جنم دن کی تقریبات، 3 ہزار سکھ یاتریوں کو ویزے جاری سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی، وزیراعظم شہباز شریف کی قومی ٹیم کو مبارکباد علیمہ خان کی نظر بندی سے متعلق درخواست جلد سماعت کے لیے منظور چھوٹے صوبے یا بادشاہتیں اور ان پر ایک شہنشاہ، ایسے ملک نہیں چلے گا: سعد رفیق پنجاب کے ہر ضلع میں کیتھ لیب، چلڈرن ہسپتال قائم کرنا چاہتے ہیں: مریم نواز معاشی ترقی کی باگ ڈور نجی شعبے کو دینا ہوگی: مشیر نجکاری محمد علی کراچی: لانڈھی میں گھر کے اندر فائرنگ، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر مثبت رجحان اسلام آباد پولیس کی SWAT فورس کو 20 نئی گاڑیاں فراہم کر دی گئیں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان بحری تجارت اور تعاون بڑھانے پر اتفاق خیبر پختونخوا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں: فیلڈ مارشل

پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کے نئے باب کا آغاز، توانائی کے معاہدوں پر دستخط

Web Desk

20 November 2026

پاکستان اور ترکیہ نے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش، اہم معدنی ذخائر کی ترقی اور توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر لیے ہیں۔

ترکیہ کے تحقیقی جہاز کی آمد کے موقع پر کراچی بندرگاہ میں ایک خصوصی استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی و معدنیات کے شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ اس تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، ترکیہ کے وزیرِ توانائی الپرسلان بیرکتار، وفاقی وزیرِ پیٹرولیم اور گورنر سندھ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن (PMDC) اور ترکیہ کی ایم ٹی اے انٹرنیشنل (MTA International) کے درمیان شیئر ہولڈرز کا معاہدہ طے پا گیا، جس کے تحت پشین، بلوچستان میں اہم معدنیات اینٹیمونی (Antimony) کی ترقی کے لیے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس کے علاوہ ماری منرلز اور ترکیہ کی ایم ٹی اے آئی سی (MTAIC) کے درمیان مشترکہ منصوبے کا معاہدہ بھی طے پایا ہے، جس کے تحت چاغی، بلوچستان میں تانبے، سونے اور دیگر معدنی ذخائر کی تلاش اور ترقی پر کام کیا جائے گا۔

دونوں ممالک کے درمیان جیولوجیکل سروے پاکستان، ترکیہ کے ایم ٹی اے اور ایم ٹی اے آئی سی کے مابین سہ فریقی مفاہمتی یادداشت (MoU) پر بھی دستخط ہوئے، جس میں تکنیکی تبادلے اور معدنی وسائل کی ترقی کے لیے استعداد کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے تاکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان معدنیات کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ اس روایتی دوستی کو عملی اقتصادی منصوبوں اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی کے مواقع میں تبدیل کیا جائے۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ 87 میٹر طویل تحقیقی جہاز ’اورچ رئیس‘ جدید سیسمک، صوتی اور سمندر کی تہہ کا سروے کرنے والے آلات سے لیس ہے۔ یہ جہاز صوتی لہروں کے ذریعے سمندر کی تہہ میں موجود چٹانوں کی ساخت کا جائزہ لے گا اور حاصل ہونے والے ڈیٹا کی مدد سے زیرِ سمندر ارضیاتی ساخت کی سہ جہتی (3D) تصاویر تیار کی جائیں گی، جس سے مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور کھدائی کے امکانات کا تعین کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ترک حکام کے مطابق اس سروے میں تقریباً 5 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ یہ مشن پاکستان کے لیے تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کی خوش خبری لائے گا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ سمندر میں توانائی کے ذخائر کی تلاش ایک پیچیدہ اور مہنگا عمل ہے اور سیسمک سروے سے ذخائر ملنے کی حتمی ضمانت نہیں ہوتی، لیکن یہ مستقبل کی تلاش کے لیے بنیادی اور اہم معلومات فراہم کرتا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی ماہرینِ ارضیات اور انجینیئرز اپنے ترک ہم منصبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، جبکہ دونوں ملکوں کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان سمندری ارضیات اور سمندر میں توانائی کی تلاش سے متعلق انجینیئرنگ کے شعبوں میں اشتراک کے امکانات بھی موجود ہیں۔ انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت اہم منصوبوں میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور اداروں کے درمیان رابطے کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔ اسحاق ڈار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سمندری سرگرمیوں میں بحری تحفظ اور ماحولیاتی معیار کا مکمل خیال رکھا جائے، کیونکہ سمندر معاشی اثاثہ ہونے کے ساتھ ساتھ قدرتی امانت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کا یہ مشترکہ مشن سائنسی معلومات میں اضافے، قومی صلاحیتوں کی ترقی اور تعاون کے نئے راستے کھولے گا۔

تقریب سے خطاب میں ترکیہ کے وزیرِ توانائی الپرسلان بیرکتار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان شعبہ توانائی میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں اور دونوں ممالک کے توانائی تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دے گا، کیونکہ دونوں ممالک مشترکہ تاریخ، اقدار اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے میں بندھے ہیں، اور توانائی میں یہ اشتراک دونوں ممالک کے مستقبل کو نئی سمت دے گا۔