بابا گرونانک کے 557 ویں جنم دن کی تقریبات، 3 ہزار سکھ یاتریوں کو ویزے جاری
Web Desk
20 November 2026
سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک دیو جی کے 557 ویں جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ نئی دہلی میں قائم پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے تقریباً 3 ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔
سرکاری شیڈول اور حکام کے مطابق بھارتی سکھ یاتری 22 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے، جہاں متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے عہدیداران ان کا پرتپاک استقبال کریں گے۔ واہگہ بارڈر سے یاتریوں کو خصوصی بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب روانہ کیا جائے گا، جہاں وہ 23 نومبر کو مختلف مقدس گوردواروں کی زیارت کریں گے۔
بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب 24 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی، جس میں بھوگ اور اکھنڈ پاٹھ صاحب سمیت دیگر مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی۔ 25 نومبر کو یاتری ننکانہ صاحب سے گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد کے راستے حسن ابدال روانہ ہوں گے اور رات گوردوارہ پنجہ صاحب میں قیام کریں گے، جبکہ 26 نومبر کو بھی ان کا قیام حسن ابدال میں ہی ہوگا۔
شیڈول کے مطابق 27 نومبر کو سکھ یاتری گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور، نارووال جائیں گے اور رات وہاں قیام کریں گے، جبکہ 28 نومبر کو نارووال میں گوردوارہ دربار صاحب کے مقام پر ایک روایتی کبڈی میچ منعقد ہوگا، جس کے بعد یاتری لاہور پہنچیں گے اور گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں قیام کریں گے۔ 29 اور 30 نومبر کو یاتری لاہور کے مختلف گوردواروں کی زیارت کریں گے اور 10 روزہ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد یکم دسمبر کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام کے مطابق یاتریوں کے بین الاضلاعی سفر کے لیے خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے جن کا کرایہ یاتری خود ادا کریں گے، تاہم ان کی رہائش، کھانے پینے اور مفت طبی سہولیات کا تمام تر انتظام بورڈ کی جانب سے بلامعاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذہبی سیاحت کے دوطرفہ معاہدے کے تحت بابا گرو نانک کے جنم دن پر بھارت سے 3 ہزار تک یاتری پاکستان آ سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس سال بھی 3 ہزار سے زائد یاتری پاکستان آنے کے خواہشمند تھے، تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے کے باعث بڑی تعداد میں سکھ اور نانک نام لیوا یاتری پاکستان نہیں آ سکیں گے، اور ڈھائی ہزار سے زائد یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی پاکستان کی جانب سے 2400 ویزے جاری کیے گئے تھے، تاہم بھارتی اجازت نہ ملنے کے سبب 1932 یاتری ہی پاکستان آ سکے تھے۔
متعلقہ عنوانات
پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کے نئے باب کا آغاز، توانائی کے معاہدوں پر دستخط
20 November 2026
کیمرے والے اسمارٹ گلاسز کی درآمد کیلئے مشروط اجازت مل گئی
20 November 2026
الیکشن کمیشن: عطاء تارڑ کیخلاف ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کا فیصلہ محفوظ
20 November 2026
چاند کی مٹی میں آلو اگانے کا کامیاب تجربہ
20 November 2026
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی، وزیراعظم شہباز شریف کی قومی ٹیم کو مبارکباد
20 November 2026
علیمہ خان کی نظر بندی سے متعلق درخواست جلد سماعت کے لیے منظور
20 November 2026
چھوٹے صوبے یا بادشاہتیں اور ان پر ایک شہنشاہ، ایسے ملک نہیں چلے گا: سعد رفیق
20 November 2026
پنجاب کے ہر ضلع میں کیتھ لیب، چلڈرن ہسپتال قائم کرنا چاہتے ہیں: مریم نواز
20 November 2026