موسیقی، رقص، مزاح کا حسین امتزاج: شارجہ بک فیئر میں پریوں کی کہانیاں حقیقت بن گئیں
Web Desk
15 November 2026
متحدہ عرب امارات میں جاری 45ویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں پرتگال سے تعلق رکھنے والے دو باصلاحیت فنکاروں نے اپنی منفرد تھیٹر پرفارمنس کے ذریعے پریوں کی کہانیوں کے شہزادے اور شہزادی کو حقیقی کرداروں کی صورت میں پیش کر کے میلے میں شریک بچوں اور بڑوں کی بھرپور توجہ حاصل کر لی ہے۔
’’دی میوزک باکس‘‘ کے عنوان سے پیش کیے جانے والے اس دلچسپ شو میں دلفریب موسیقی، فنکارانہ جسمانی حرکات، رنگا رنگ شاہی ملبوسات اور حاضرین سے براہِ راست رابطے نے بین الاقوامی کتاب میلے کی رونقوں اور دلکشی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شارجہ بک اتھارٹی کی جانب سے 14 نومبر کو جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پرتگالی فنکار آندرے دوس سانتوس وییرا اور ہیلینا ریس نے کتاب میلے کے خصوصی گھومتے پھرتے فنکارانہ پروگرام کے تحت یہ منفرد پرفارمنس پیش کی۔
اس تخلیقی شو میں ہیلینا ریس ایک شہزادی کا کردار ادا کرتی ہیں، جو موسیقی کے بڑے ڈبے میں نصب گھومتے ہوئے پلیٹ فارم پر ایک مجسمے کی مانند ساکت کھڑی ہوتی ہیں، تاہم میوزک باکس کی چابی گھمائے جانے کے بعد وہ موسیقی کی دھن پر حرکت کرنا شروع کر دیتی ہیں، جبکہ ان کے ساتھی فنکار آندرے دوس سانتوس وییرا شہزادے کے روپ میں ان کے ساتھ پرفارم کرتے ہیں۔ دونوں فنکار موسیقی، تاثرات اور خصوصی ملبوسات کے امتزاج سے پریوں کی کہانیوں کا سحر انگیز ماحول تخلیق کرتے ہیں، جبکہ پرفارمنس کے دوران بچوں اور دیگر زائرین کو ان خیالی کرداروں کے قریب آنے، ان سے بات چیت کرنے اور یادگاری تصاویر بنوانے کا بھرپور موقع بھی ملتا ہے۔
اپنے اس منفرد پروجیکٹ پر گفتگو کرتے ہوئے فنکارہ ہیلینا ریس نے بتایا کہ ’’دی میوزک باکس‘‘ کا تصور بچپن میں سنی جانے والی پریوں کی روایتی لوک کہانیوں سے اخذ کیا گیا ہے، جن میں شہزادے، شہزادیاں اور دیگر طلسماتی کردار شامل ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق شو کا بنیادی مقصد ان مقبول کرداروں کو محض کتابوں کے صفحات سے نکال کر حاضرین کے سامنے متحرک انداز میں پیش کرنا اور انہیں ایک یادگار فنکارانہ تجربہ فراہم کرنا ہے۔ دوسری جانب فنکار آندرے دوس سانتوس وییرا کا کہنا تھا کہ پرفارمنس کا سب سے دلچسپ پہلو حاضرین کا فطری ردِعمل ہے، اور لوگوں کو انہیں عام انسانوں کے بجائے کسی پریوں کی کہانی کا حقیقی کردار سمجھ کر گفتگو کرتے دیکھنا ایک حیرت انگیز تجربہ ہوتا ہے۔
علاوہ ازیں دونوں پرتگالی فنکار ’’دی میوزک باکس‘‘ کے ساتھ ساتھ ’’مسٹر مفن‘‘ اور ’’مسز چیری‘‘ کے دلچسپ کرداروں پر مشتمل ایک اور مزاحیہ شو بھی پیش کر رہے ہیں، جہاں مٹھائیوں کی خیالی دنیا سے متاثر یہ کردار اپنی دلچسپ حرکات اور حاضرین سے پرلطف مکالموں کے ذریعے زائرین کو محظوظ کرتے ہیں۔
شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے مختلف نمائشی ہالز اور راہداریوں میں بھی فنکار مختلف تھیٹر کرداروں کے روپ میں گھومتے نظر آتے ہیں، جن میں ایک بڑی قصے کی کتاب سے باہر نکلنے والا خیالی کردار اور رنگ برنگے ملبوسات میں ملبوس دیگر فنکار شامل ہیں۔ منتظمین کے مطابق ان رنگا رنگ ثقافتی سرگرمیوں کا مقصد کتاب میلے کو محض کتابوں کی خرید و فروخت یا نمائش تک محدود رکھنے کے بجائے اسے ثقافت، تھیٹر، موسیقی، بصری فنون اور خاندانی تفریح کا ایک جامع مرکز بنانا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال 45ویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کا مرکزی عنوان ’’کہانیوں سے تخلیق‘‘ رکھا گیا ہے، جس کے تحت متنوع سرگرمیوں کے ذریعے کہانیوں کو کتابوں کے صفحات سے آگے بڑھا کر تخلیقی فنون کی مدد سے زندہ کرنے کا پیغام دیا جا رہا ہے، اور پرتگالی فنکاروں کی یہ پرفارمنس بھی اسی تخلیقی تصور کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔
متعلقہ عنوانات
ورلڈ کلچرل فیسٹیول میں عربی موسیقی کی دلفریب دھنوں نے شائقین کے دل جیت لیے
15 November 2026
ورلڈ کلچرل فیسٹیول میں عربی موسیقی کی دلفریب دھنوں نے شائقین کے دل جیت لیے
14 November 2026
معروف اداکارہ موشومی چٹرجی کے شوہر اور فلم پروڈیوسر جیانتا مکھرجی انتقال کرگئے
14 November 2026
ورلڈ کلچر فیسٹیول میں ہر ثقافت موجود، آرٹس کونسل کراچی گلدستہ بن گیا: آئی جی سندھ
13 November 2026
ماسکو میں ڈائمنڈ بٹر فلائی فلم ایوارڈز، روسی فلم ’’اگست‘‘ نے 10 لاکھ ڈالر کا اعزاز جیت لیا
13 November 2026
رونالڈو کا فٹبال کے بعد ٹی وی انڈسٹری میں قدم، پہلی سیریز کی پروڈکشن شروع
13 November 2026
پاکستانی فلم ’’میرا لیاری‘‘ کی اداکارہ دنانیر مبین نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیت لیا
13 November 2026
شارجہ کتاب میلے میں عمان کا روایتی ’’رزفہ‘‘ رقص، خصوصی نظم پیش
12 November 2026