امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیاں عالمی توانائی کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں: ایرانی صدر
Web Desk
27 October 2026
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ماسکو میں منعقدہ گیس برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (GECF) کے آٹھویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور ایران پر عائد یکطرفہ اقتصادی پابندیوں کو عالمی توانائی کی سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے الزام عائد کیا کہ امریکہ کی ناجائز اقتصادی پابندیوں، بحری و فضائی ناکہ بندی اور خلیج فارس میں بلاجواز فوجی مداخلت کی وجہ سے تیل و گیس کی فراہمی، توانائی کی نقل و حمل اور مجموعی عالمی اقتصادی ترقی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ امریکہ اور اسرائیل نے سفارتی مذاکرات کے دوران دو مختلف مواقع پر ایران کے خلاف براہِ راست فوجی کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں ایرانی توانائی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا اور ترسیل کا نظام متاثر ہوا۔ صدر پزشکیان نے امریکی اقدامات کو کڑے الفاظ میں “اقتصادی دہشت گردی” قرار دیتے ہوئے گیس فراہم کرنے والے تمام بڑے ممالک پر زور دیا کہ وہ ان ظالمانہ اقدامات کی بھرپور مذمت کریں اور عالمی منڈیوں کو عدم استحکام سے بچانے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خلیج فارس میں امریکی فوجی مداخلت سے سپلائی چین اور نقل و حمل کا نظام بیٹھ سکتا ہے جس سے دنیا بھر میں مہنگائی اور بحران پیدا ہوگا۔
اپنے خطاب کے دوران صدر پزشکیان نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ گیس برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (GECF) کثیرالجہتی توانائی سفارت کاری کا ایک موثر پلیٹ فارم ہے، اور ایران جو کہ دنیا میں گیس کے ذخائر کے لحاظ سے دوسرا بڑا ملک ہے، یکطرفہ پابندیوں کے باوجود اپنی ملکی صلاحیتوں کے بل بوتے پر دنیا کا تیسرا بڑا گیس پیدا کرنے والا ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کی 95 فیصد آبادی قومی گیس نیٹ ورک سے منسلک ہے اور ملکی توانائی کے استعمال میں گیس کا حصہ تقریباً 70 فیصد ہے۔ ایرانی صدر نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایران کے تیل، گیس اور پیٹروکیمیکل کے شعبوں میں کھل کر سرمایہ کاری کی دعوت دی اور یقین دلایا کہ ایران عالمی سطح پر توانائی کی محفوظ اور مستحکم فراہمی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔ آخر میں انہوں نے کامیاب اجلاس کے انعقاد اور بہترین میزبانی پر روسی صدر ولادیمیر پوتن اور روسی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
متعلقہ عنوانات
اسرائیل میں انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری
27 October 2026
اردن میں یمن کا مسافر طیارہ طوفان میں پھنس گیا، ژالہ باری سے شیشے ٹوٹ گئے
27 October 2026
ترکیہ کی پارلیمانی خارجہ امور کمیٹی نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی منظوری دیدی
27 October 2026
امریکی صدر نے ایران سے مذاکرات کو وقت کا ضیاع قرار دے دیا
27 October 2026
ایران کی شرکت کے بغیر خلیج فارس میں پائیدار سلامتی ناممکن ہے: عمان
27 October 2026
تیسرا روس افریقہ سربراہی اجلاس آج شروع ہوگا، پوتن سمیت متعدد عالمی رہنما شرکت کریں گے
27 October 2026
گوگل اور یوٹیوب کا بچوں کی آن لائن حفاظت یقینی بنانے کیلئے لاکھوں ڈالرز کا منصوبہ
27 October 2026
جنوبی وزیرستان میں افغانستان کی دراندازی، شہری آبادی پر گولا گرنے سے ایک جاں بحق، 5 زخمی
27 October 2026