جوؤں کی دوا، سرطان کا خطرہ؟
Web Desk
28 September 2026
سر کی جوئیں بچوں میں پایا جانے والا ایک عام مسئلہ ہے، جن کے خاتمے کے لیے مختلف شیمپوز، لوشنز اور ادویات کا استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم، ایک نئی اور وسیع پیمانے پر کی جانے والی سائنسی تحقیق میں ماہرین نے جوؤں کے علاج میں شامل ایک مقبول کیمیکل کے حوالے سے صحت کے ممکنہ خطرات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
محققین کی جانب سے جاری کردہ انتباہ کے مطابق، سر کی جوؤں کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی دوا کا فعال جزو (Active Ingredient) ’ملا تھیون‘ (Malathion) ہے، جسے 6 ماہ تک کی عمر کے بچوں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے، اور اس جیسے دیگر کیمیکلز کا طویل یا بار بار استعمال چھاتی کے سرطان کے خطرے میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔
تحقیق کے اہم انکشافات اور کیمیکلز:
-
ملا تھیون (Malathion): سر کی جوؤں کے علاج کی دواؤں میں پایا جانے والا کیمیکل۔
-
بسفینول اے (BPA): مشروبات کے کین، دکانوں کی خریداری کی رسیدیں اور پلاسٹک کے برتنوں میں استعمال ہونے والا مادہ۔
-
میتھائل پیرا بین (Methylparaben): موئسچرائزرز، شیمپو اور ڈیوڈرنٹس میں مدتِ استعمال بڑھانے والا حفاظتی جُز، جو جسم میں ایسٹروجن کے اثرات کی نقل کر کے چھاتی کے سرطان کے خلیوں کی افزائش کو تحریک دے سکتا ہے۔
-
بینزین اور اسٹائرین: گاڑیوں اور سگریٹ کے دھوئیں کے علاوہ ٹیک اوے کافی کے کپوں اور کھانے کے ڈبوں میں پائے جانے والے مادے۔
تحقیق کی سربراہ مصنفہ جینیفر کے کا کہنا ہے کہ لوگ اپنی پوری زندگی میں مختلف ذرائع سے سیکڑوں کیمیکلز کے اثرات کا سامنا کرتے ہیں اور یہ اثرات وقت کے ساتھ جسم میں جمع ہوتے رہتے ہیں۔ چونکہ چھاتی کا سرطان لاحق ہونے میں کئی سال یا دہائیاں لگ سکتی ہیں، اس لیے زندگی کے ابتدائی مراحل میں ممکنہ طور پر نقصان دہ کیمیکلز سے بچاؤ (Exposure کم کرنا) اس موذی مرض سے بچاؤ کا ایک اہم ترین حصہ ہے۔
کم عمر خواتین میں کیسز کا بڑھتا ہوا رجحان: یہ تشویشناک نتائج ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب کم عمر خواتین میں چھاتی کے سرطان کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران 20 سے 49 سال کی عمر کی خواتین میں اس مرض کے کیسز میں تقریباً 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محققین نے امریکی حکومت کے درجنوں ڈیٹا بیسز کا تجزیہ کرنے کے بعد 900 سے زائد ایسے کیمیکلز پر توجہ مرکوز کی جو پہلے ہی ہارمونز کے نظام میں خلل ڈالنے یا چھاتی کے غدود کی رسولیاں پیدا کرنے سے منسلک قرار دیے جا چکے ہیں۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ حفاظتی جائزوں میں اکثر کیمیکلز کو الگ الگ دیکھا جاتا ہے، جبکہ روزمرہ زندگی میں انسانوں کو بیک وقت مختلف کیمیکلز کے مرکب کا سامنا ہوتا ہے۔
دیگر خطرات اور احتیاط: ماہرین کا کہنا ہے کہ چھاتی کے سرطان کی کوئی ایک واحد وجہ نہیں ہوتی، اور اس تحقیق سے یہ حتمی طور پر ثابت نہیں ہوتا کہ ان میں سے کسی ایک کیمیکل کے اثرات سے لازماً سرطان لاحق ہو جائے گا۔ تاہم دیگر معلوم عوامل میں عمر بڑھنا، خاندانی ہسٹری، شراب نوشی، تمباکو نوشی، موٹاپا، چھاتی کے بافتوں کا زیادہ کثیف ہونا اور ہارمون ریپلیسمنٹ تھراپی شامل ہیں۔ ماہرین نے والدین اور عام صارفین کو ادویات اور روزمرہ کی اشیاء کے اجزا کے معاملے میں زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
متعلقہ عنوانات
پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی کارروائیاں، 24 علاجگاہیں سیل، 62 کی طبی سہولیات معطل
24 November 2026
سال 2026 کی تیسری اور آخری قومی انسدادِ پولیو مہم 12 سے 18 دسمبر تک ملک بھر میں چلائی جائے گی
24 November 2026
کینسر کے خلیات کو ختم کرنے کے بجائے صحتمند خلیوں میں بدلنے کا طریقہ دریافت
23 November 2026
لاہور کے جناح ہسپتال میں پہلی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری
23 November 2026
سائنسدانوں نے رات کی بینائی متاثر کرنے والی نئی جینیاتی بیماری دریافت کر لی
23 November 2026
قازقستان میں تیزی سے پھیلنے والی پراسرار بیماری کی اطلاعات، سرکاری تفصیلات طلب
22 November 2026
دبئی میں جوڑوں کے امراض سے متعلق سالانہ طبی کانفرنس شروع، 200 سے زائد ماہرین شریک
22 November 2026
دبئی میں مستحق مریضوں کے مفت علاج کیلئے تداوی ہیلتھ کیئر گروپ اور دارالبر سوسائٹی میں معاہدہ
22 November 2026