قازقستان میں تیزی سے پھیلنے والی پراسرار بیماری کی اطلاعات، سرکاری تفصیلات طلب
Web Desk
22 November 2026
قازقستان میں شدید بخار، گلے کی تکلیف، کھانسی اور سر درد کے ساتھ پھیلنے والی بیماری کی اطلاعات کے بعد روس نے قازق حکام سے وبائی صورتِ حال کی سرکاری تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
روس کے وفاقی ادارے برائے تحفظِ صارفین و صحتِ عامہ (روسپوتریب نادزور) نے قازقستان کی وزارتِ صحت سے رابطہ کر کے بیماری کی نوعیت اور موجودہ صورتِ حال کے بارے میں معلومات مانگی ہیں۔ روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس کے مطابق 21 نومبر کو روسپوتریب نادزور نے بتایا کہ مختلف ذرائع ابلاغ میں قازقستان میں ایک ایسی بیماری کے پھیلاؤ کی خبریں سامنے آئی ہیں جسے مقامی طور پر ’’ناک ڈاؤن وائرس‘‘ کہا جا رہا ہے، جس کی علامات میں بخار، گلے میں درد، کھانسی اور شدید سر درد شامل ہیں۔
روسی ادارے کے مطابق ان اطلاعات کے بعد قازقستان کی وزارتِ صحت سے ملک میں متعدی بیماریوں کی موجودہ صورتِ حال کے بارے میں باضابطہ معلومات طلب کی گئی ہیں تاکہ سامنے آنے والی رپورٹس کی حقیقت اور بیماری کے ممکنہ پھیلاؤ کا جائزہ لیا جا سکے۔ تاہم قازقستان کی وزارتِ صحت کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں سانس کی شدید وائرل بیماریوں اور انفلوئنزا کی مجموعی صورتِ حال مستحکم ہے اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ سالانہ موسمی رجحان کے مطابق ہے۔
روسی حکام نے بتایا کہ قازقستان کے سب سے بڑے شہر الماتی میں یکم نومبر سے اب تک سانس کی بیماریوں کی علامات کے ساتھ تقریباً 14 ہزار افراد نے طبی امداد حاصل کرنے کے لیے رجوع کیا ہے، جبکہ تقریباً 2 ہزار 800 بچوں کو ہسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔ الماتی کے محکمہ سینیٹری و وبائی نگرانی کے مطابق طبی امداد حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اضافے کی ایک بڑی وجہ موسم کے ساتھ سانس کی بیماریوں میں معمول کا اضافہ ہے، جبکہ متعدد والدین بچوں کو ابتدائی طبی مراکز کے بجائے براہِ راست ہسپتالوں کے ایمرجنسی شعبوں میں لے جا رہے ہیں، جس سے ہسپتالوں میں مریضوں کا رش زیادہ دکھائی دے رہا ہے۔
روسی ادارے نے واضح کیا کہ قازقستان میں کسی نئے یا غیر معمولی وائرس کی موجودگی کی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی اور دستیاب معلومات کے مطابق سانس کی بیماریوں اور انفلوئنزا کے کیسز میں اضافہ موسمی نوعیت کا ہے۔
دوسری جانب روسپوتریب نادزور نے روس میں بھی سانس کی بیماریوں کی صورتِ حال سے متعلق بتایا کہ ملک میں انفلوئنزا اور دیگر شدید سانس کی وائرل بیماریوں کے کیسز معمول کی موسمی سطح کے مطابق ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کیسز میں معمولی اضافے کی وجہ اسکولوں کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں میں واپسی قرار دی گئی ہے۔ روسی ادارے نے شہریوں کو یاد دلایا کہ انفلوئنزا کی شدید علامات اور پیچیدگیوں سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن سب سے مؤثر حفاظتی اقدام ہے۔
متعلقہ عنوانات
پاکستان اورعمان کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا اہم معاہدہ طے پا گیا
22 November 2026
مخصوص طبقہ ملک پرمسلط، اِن سےجان چھڑانی ہوگی: حافظ نعیم الرحمٰن
22 November 2026
12 مئی دوبارہ نہیں ہونے دیں گے، مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں، میئر کراچی
22 November 2026
ایک وزیر آجکل مجھ پر تبصرے کر رہا ہے، جواب دیا تو منہ چھپانےکے قابل نہیں رہےگا: محسن نقوی
22 November 2026
استنبول: ساتویں عالمی ویمن سمٹ، اعظم نذیر تارڑ کی قیادت میں پاکستانی وفد کی شرکت
22 November 2026
پاکستان 23 سے 26 نومبر تک اسلام آباد میں نیوکلیئر سیکیورٹی نیٹ ورک کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا
22 November 2026
پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے اراکینِ قومی اسمبلی کا اسلام آباد میں اہم اجلاس
22 November 2026
نئے صوبوں کا قیام ملک کی ترقی اور سلامتی کیلئے ناگزیر ہے: مصطفیٰ کمال
22 November 2026