جرمنی میں گھریلو تشدد کے واقعات میں ریکارڈ اضافہ، متاثرین 2 لاکھ 80 ہزار سے متجاوز
Web Desk
25 November 2026
جرمنی میں گھریلو تشدد کے واقعات میں گزشتہ سال کے دوران تقریباً 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
جرمن پولیس کے جمع کردہ اعداد و شمار پر مبنی سرکاری رپورٹ کے مطابق گھریلو تشدد کے یہ واقعات اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں، جن میں شریکِ حیات یا قریبی ساتھی کی جانب سے تشدد کے علاوہ خاندان کے اندر ہونے والے تشدد کے واقعات بھی شامل ہیں، جبکہ ان جرائم کے مرتکب افراد میں تقریباً تین چوتھائی مرد ہیں۔
رپورٹ کے اجرا کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے جرمنی کی وزیر برائے خاندانی امور کرین پرین نے بتایا کہ صرف 1 لاکھ 42 ہزار 800 خواتین اپنے قریبی ساتھی کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنیں، جس کے تناسب سے ہر گھنٹے میں 16 سے زائد خواتین اس کا شکار ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق گھریلو تشدد کے نتیجے میں 292 افراد ہلاک ہوئے جن میں 209 خواتین اور لڑکیاں شامل تھیں، جو اس سے پچھلے سال کی 286 ہلاکتوں کے مقابلے میں زیادہ ہے، حالانکہ جرمنی میں مجموعی پرتشدد جرائم میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
جرمن وزیرِ داخلہ الیگزینڈر ڈوبرنڈٹ نے کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران گھریلو تشدد کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اس رجحان کی وجوہات میں مردوں کی خواتین پر مبینہ برتری کا تصور بھی شامل ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق قریبی ساتھی کی جانب سے تشدد کے واقعات کا محض ایک محدود حصہ ہی حکام کو رپورٹ کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب جرمن حکومت نے ایک مجوزہ قانون کے مسودے پر اتفاق کیا ہے جس کا مقصد خواتین کے صنفی بنیادوں پر قتل کو باقاعدہ قتل کے جرم کے طور پر قانونی حیثیت دینا ہے، اور یہ بل جلد پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔ رپورٹ میں خواتین کے خلاف آن لائن تشدد، دھمکیوں اور ڈیجیٹل ہراسانی کے واقعات میں بھی سالانہ 16 فیصد اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جرمن اداکارہ اور ٹی وی میزبان کولین فرنانڈس کی جانب سے اپنے شوہر پر جعلی فحش تصاویر تقسیم کرنے کے الزامات کے بعد ملک میں ڈیجیٹل تشدد اور فوجداری قوانین میں تبدیلی کے مطالبات زور پکڑ گئے ہیں۔ وفاقی پولیس کی نائب سربراہ مارٹینا لنک نے خبردار کیا کہ آن لائن بعض حلقوں، خصوصاً مردانہ بالادستی کے نظریات اور انسل (Incel) تحریک میں انتہا پسندی بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔
متعلقہ عنوانات
سپارکو کی جانب سے ’’سپارکو مشن ہب انٹرنیٹ پورٹل‘‘ جاری
25 November 2026
خلائی سفرمیں تاریخی پیشرفت: قوم کا محمد ذیشان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار
25 November 2026
امریکا عالمی اداروں کی سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈالکر عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہا: عباس عراقچی
25 November 2026
امریکی فوجی اڈے منتقلی کے باوجود ہماری پہنچ سے باہر نہیں ہونگے: ایرانی فوجی
25 November 2026
اسرائیل کا فضائی حملہ: حماس کے داخلی سکیورٹی ادارے کے سربراہ نعیم ابونہل شہید
25 November 2026
آن لائن جوئے میں رقم ہارنے کے بعد مصری نوجوان نے خودکشی کر لی
25 November 2026
صدر، وزیراعظم کی پہلے خلائی مشن میں پاکستان کی تاریخی شرکت پر قوم کو مبارکباد
25 November 2026
بابا گورو نانک کے 557 ویں جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر، شاندار آتشبازی
25 November 2026