سانحہ گل پلازہ: چیئرمین ایم کیو ایم کا وزیر اعظم کو خط، اعلیٰ سطحی انکوائری کمیشن کا مطالبہ
Web Desk
23 January 2026
چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے سانحہ گل پلازہ پر وزیر اعظم پاکستان کو خط لکھتے ہوئے پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ کے تحت اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ کو سات روز گزرنے کے باوجود کئی افراد تاحال لاپتا ہیں جبکہ متعدد لواحقین کو اپنے پیاروں کی لاشیں بھی نہیں مل سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ایک بڑے انسانی المیے کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
چیئرمین ایم کیو ایم کے مطابق اس ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں 12 ہزار سے زائد خاندان براہ راست متاثر ہوئے ہیں جبکہ 100 سے زائد افراد کی ہلاکت اور بھاری مالی نقصانات کی براہ راست ذمہ دار سندھ حکومت، صوبائی محکمے اور بلدیاتی ادارے ہیں۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خط میں الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت، میئر کراچی، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے)، کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر منسلک صوبائی و شہری ادارے مجرمانہ غفلت کے مرتکب ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں یہ المناک سانحہ پیش آیا۔
خط کے متن میں مطالبہ کیا گیا کہ وفاق پاکستان “سانحہ گل پلازہ انکوائری کمیشن” کے نام سے ایک اعلیٰ سطحی، غیر جانبدار اور شفاف کمیشن قائم کرے جو تمام حقائق سے پردہ اٹھائے اور ذمہ دار عناصر کا تعین کرے۔
چیئرمین ایم کیو ایم نے تجویز دی کہ اس کمیشن میں ایف آئی اے، نیب، این ڈی ایم اے، ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی)، آئی ایس آئی، اسٹیٹ بینک، نیسپاک اور دیگر پیشہ ور ماہرین کو شامل کیا جائے تاکہ تحقیقات جامع اور مؤثر ہو سکیں۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خط میں یہ بھی مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر ریسکیو اور ریلیف کے تمام انتظامات اپنے ہاتھ میں لیں تاکہ انسانی اعضا، شواہد اور متاثرین کی قیمتی اشیاء محفوظ بنائی جا سکیں۔
خط کے آخر میں وفاق کے زیر انتظام ایک خصوصی “ریلیف اور بحالی فنڈ” قائم کرنے کی تجویز دی گئی تاکہ سانحے میں جاں بحق اور متاثر ہونے والے افراد کے لواحقین کو مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔
متعلقہ عنوانات
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی، وزیراعظم شہباز شریف کی قومی ٹیم کو مبارکباد
20 November 2026
علیمہ خان کی نظر بندی سے متعلق درخواست جلد سماعت کے لیے منظور
20 November 2026
چھوٹے صوبے یا بادشاہتیں اور ان پر ایک شہنشاہ، ایسے ملک نہیں چلے گا: سعد رفیق
20 November 2026
پنجاب کے ہر ضلع میں کیتھ لیب، چلڈرن ہسپتال قائم کرنا چاہتے ہیں: مریم نواز
20 November 2026
معاشی ترقی کی باگ ڈور نجی شعبے کو دینا ہوگی: مشیر نجکاری محمد علی
20 November 2026
کراچی: لانڈھی میں گھر کے اندر فائرنگ، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق
20 November 2026
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر مثبت رجحان
20 November 2026
اسلام آباد پولیس کی SWAT فورس کو 20 نئی گاڑیاں فراہم کر دی گئیں
20 November 2026