سپریم ایپلیٹ کورٹ کا بڑا فیصلہ، جی بی اے-17 کے 8 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم
Web Desk
3 July 2026
سپریم ایپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان نے حلقہ جی بی اے-17 (ڈیامیر) کے متنازع انتخاب سے متعلق ایک انتہائی اہم اور تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے حلقے کے 8 متاثرہ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دے دیا ہے۔
سپریم ایپلیٹ کورٹ کے چیف جج جسٹس سردار محمد شمیم خان نے کیس کی سماعت کے بعد چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے 15 جون کو جاری کیا گیا حکم نامہ سراسر غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم کر دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر حلقے کا حتمی نتیجہ مرتب کرنے کے فیصلے کو بھی معطل کر دیا ہے۔
عالیہ عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ الیکشن کے روز نامعلوم مسلح افراد متعدد پولنگ اسٹیشنز میں زبردستی داخل ہوئے، وہاں موجود عملے سے انتخابی مواد اور بیلٹ پیپرز چھین لیے جس کی وجہ سے انتخابی عمل شدید متاثر ہوا اور شفاف انتخابات کے بنیادی تقاضے پورے نہیں ہو سکے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق، حلقے کے 6 پولنگ اسٹیشنز کے بیلٹ باکس سرعام چھین لیے گئے تھے، جن کے ووٹ فارم 47 میں شامل ہی نہیں کیے گئے تھے، جس سے پورے انتخابی نتائج کی شفافیت پر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے تھے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ان 8 پولنگ اسٹیشنز پر سنگین انتخابی بے ضابطگیاں اور قانون کی صریح خلاف ورزیاں ثابت ہو چکی ہیں، اس لیے وہاں کے عوام کو دوبارہ حقِ رائے دہی دینا ناگزیر ہے۔
سپریم ایپلیٹ کورٹ نے واضح الفاظ میں قرار دیا کہ چیف الیکشن کمشنر کو اپنے ہی سابقہ فیصلے پر نظرثانی (Review) کا کوئی قانونی اختیار حاصل نہیں تھا، لہٰذا ان کا 15 جون کا حکم قانون کے مطابق برقرار نہیں رہ سکتا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ ان متاثرہ پولنگ اسٹیشنز پر فوری طور پر نیا انتخابی شیڈول جاری کرے اور دوبارہ شفاف پولنگ کے انتظامات مکمل کرے۔
واضح رہے کہ ریٹرننگ آفیسر (RO) کی جانب سے جاری کردہ فارم 49 کے مطابق اس حلقے سے پاکستان پیپلز پارٹی (PPP) کے امیدوار محمد نسیم 8 ہزار 954 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے، جبکہ جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے امیدوار حاجی رحمت خالق 5 ہزار 286 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ تاہم، اب عدالت کے اس فیصلے کے بعد حلقے کے حتمی نتیجے کا فیصلہ ان 8 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ہونے والی پولنگ کے بعد ہی ہوگا۔
متعلقہ عنوانات
امریکا کا چین پر ٹیرف سے بچنے کے لیے بڑے پیمانے پر تجارتی دھوکے کا الزام
16 August 2026
کیرولائن لیوٹ نے استعفیٰ صدر ٹرمپ سے دلبرداشتہ ہونے پر دیا: ایرانی سفارتخانہ
16 August 2026
ٹرمپ نے اسلام آباد مفاہمت کے ذریعے ایران کو تسلیم کر لیا: باقر قالیباف
16 August 2026
ٹرمپ آبنائے ہرمز بند کرنے کی دھمکیاں دینا بند کریں، اپنی سکیورٹی کی فکر کریں: ابراہیم عزیزی
16 August 2026
امریکی سینٹ کام کمانڈر بریڈ کوپر کا 10 روزہ مشرق وسطیٰ کا دورہ مکمل
16 August 2026
استاد نصرت فتح علی خان کو مداحوں سے بچھڑے 29 برس بیت گئے
16 August 2026
بابائے اردو مولوی عبدالحق کی 65ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
16 August 2026
اسرائیل کا جنوبی لبنان میں سیز فائر کے بعد سب سے مہلک ترین حملہ، 11 افراد شہید
16 August 2026