وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خلا باز محمد ذیشان سے براہ راست رابطہ، حوصلہ بڑھایا
Web Desk
29 November 2026
وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ میں موجود پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی سے براہِ راست گفتگو کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے سپارکو (SUPARCO) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خلائی سٹیشن پر موجود پاکستانی خلا باز ذیشان علی سے براہِ راست رابطہ کیا۔ یہ رابطہ پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کے حوالے سے ایک تاریخی پیش رفت ہے، جس کے ذریعے ملک کی سیاسی و عسکری قیادت کو مدارِ زمین میں موجود اپنے خلا باز سے براہِ راست گفتگو کا موقع ملا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعثِ فخر ہے، محمد ذیشان علی پہلے پاکستانی خلا باز ہیں اور ان کی یہ کامیابی پوری قوم کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے ایسے نوجوانوں پر فخر ہے جن کے حوصلے ستاروں سے آگے پرواز کرتے ہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ونگ کمانڈر ذیشان علی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور مسلح افواج کو آپ کی اس تاریخی کامیابی پر فخر ہے کہ پاکستان کا سپوت خلا میں پہنچا اور یہ عظیم کارنامہ سرانجام دیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہے جو ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے، اور اب یہ دوستی کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلا میں پاکستان کی موجودگی نوجوانوں کے لیے علامہ اقبال کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔
اس موقع پر ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے کہا کہ زمین سے 400 کلومیٹر کی بلندی پر 7.9 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے گردش کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے انتہائی اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ انہوں نے سیاسی و عسکری قیادت کے حوصلہ افزا کلمات اور نیک تمناؤں پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ طے شدہ منصوبے کے مطابق چین کے خلائی سٹیشن پر اپنی ذمہ داریاں اور تحقیقی کام پوری لگن سے سرانجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے ‘شینزو 24’ خلائی مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی سٹیشن پہنچے تھے۔ وہ اس مشن میں بطور پے لوڈ سپیشلسٹ شامل ہیں اور دو چینی خلا بازوں تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ہمراہ خلائی سٹیشن پر سائنسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ مشن کے دوران پاکستانی خلا باز چین کے ساتھ مشترکہ سائنسی تجربات میں حصہ لے رہے ہیں، جن میں تجرباتی نمونوں اور آلات کی تنصیب، ان کی کارکردگی کا جائزہ اور خرد ثقلی (مائیکرو گریویٹی) ماحول میں مختلف سائنسی تجربات شامل ہیں۔
متعلقہ عنوانات
افغانستان: اسعد آباد دھماکے میں 30 دہشتگرد ہلاک، 28 زخمی ہونے کا دعویٰ
29 November 2026
دھند کے باعث موٹروے ایم فور فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک کیلئے بند
29 November 2026
پاکستان کو 6 فیصد معاشی نمو کی جانب لے جانے کا عزم ہے: وزیر خزانہ
29 November 2026
ہنگو میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، تین دہشت گرد ہلاک
29 November 2026
کراچی میں عمارت گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی
29 November 2026
ایرانی بحری افواج کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کیلئے تیار ہیں: احمد وحیدی
29 November 2026
کم عمر لڑکا تیز رفتار ٹرین کی زد میں آنے سے بچ گیا، فوٹیج وائرل
29 November 2026
اسلام آباد پولیس کی اسجد محمود کی گرفتاری سے متعلق خبروں کی تردید
29 November 2026