دبئی کی عدالت کا ٹریفک حادثے میں معذور ڈرائیور کو 7 لاکھ 50 ہزار درہم ہرجانہ ادا کرنے کا حکم
Web Desk
28 November 2026
دبئی کی عدالت نے ٹریفک حادثے میں متعدد مستقل معذوریوں کا شکار ہونے والے ڈیلیوری ڈرائیور کو 7 لاکھ 50 ہزار درہم ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے، جبکہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور اور گاڑی کی مالک کمپنی کو مشترکہ طور پر ادائیگی کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
دبئی کورٹ آف فرسٹ انسٹینس کے مطابق یہ حادثہ 12 اگست 2025ء کو ابوظہبی کی شیخ شخبوط بن سلطان اسٹریٹ پر پیش آیا تھا، جہاں دوسرے فریق کی گاڑی کے ڈرائیور کی توجہ سڑک سے ہٹنے کے باعث گاڑی کئی دیگر گاڑیوں سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں متاثرہ ڈیلیوری ڈرائیور کو سر، سینے، ریڑھ کی ہڈی، دائیں ٹانگ، پاؤں اور پیٹ پر شدید چوٹیں آئیں، جبکہ اس کے جگر اور دائیں گردے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق زخمی ڈرائیور کو 12 اگست 2025ء کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کے متعدد آپریشن ہوئے اور وہ 18 ستمبر تک زیرِ علاج رہا، تاہم ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد بھی اسے پیٹ اور کمر میں مسلسل درد سمیت دیگر طبی پیچیدگیوں کا سامنا رہا۔
عدالت میں پیش کی گئی فرانزک میڈیکل رپورٹ کے مطابق حادثے کے نتیجے میں متاثرہ شخص کے نظامِ انہضام کو 25 فیصد، دائیں گردے کو 40 فیصد، دائیں ٹانگ اور پاؤں کو 40 فیصد جبکہ ریڑھ کی ہڈی کو 10 فیصد مستقل نقصان پہنچا ہے۔
متاثرہ شخص نے عدالت سے 20 لاکھ درہم ہرجانے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ حادثے کے باعث وہ ڈیلیوری ڈرائیور کی ملازمت جاری رکھنے کے قابل نہیں رہا اور اپنی آمدنی کے بنیادی ذریعے سے محروم ہو گیا ہے، جس سے اس کے خاندان کی کفالت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
عدالت نے پولیس رپورٹ، طبی ریکارڈ اور دیگر شواہد کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ زخمی شخص کی جسمانی معذوریوں نے اس کے معیارِ زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، خصوصاً اس لیے کہ وہ کم عمر تھا اور روزگار کے لیے اپنی جسمانی صلاحیتوں پر انحصار کرتا تھا۔
متعلقہ عنوانات
یمنی افواج کی حوثیوں کیخلاف 726 کارروائیاں: 121 کمانڈرز، جنگجو ہلاک کرنے کا دعویٰ
28 November 2026
پانچ یورپی ممالک کا 6 ارب ڈالر مالیت کی جنگی گاڑیاں خریدنے کا معاہدہ
28 November 2026
ریاض پر حوثی ملیشیا کا ڈرون حملہ ناکام، سعودی دفاعی نظام نے ڈرون تباہ کر دیا
28 November 2026
ایرانی بندرگاہیں مکمل فعال، امریکی ناکہ بندی توڑنے کی کوششیں جاری ہیں: شہرام ایرانی
28 November 2026
کراچی میں عمارت منہدم ہونے کا واقعہ، جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی
28 November 2026
آبنائے ہرمز میں 2 آئل ٹینکرز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، آگ بھڑک اٹھی
28 November 2026
ابوظہبی میں کاروباری اداروں کے ریموٹ معائنے میں 74.6 فیصد اضافہ
28 November 2026
میناَب کے 168 بچوں کا قتل کبھی نہیں بھولیں گے، امریکا و اسرائیل ذمہ دار ہیں: ایرانی صدر
28 November 2026