اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد روکنے کے حکم امتناع میں 2 ہفتے کی توسیع
Web Desk
26 November 2026
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات روکنے کے حکم امتناع میں دو ہفتے کی توسیع کر دی ہے، جبکہ عدالتی احکامات کی روشنی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کر دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عمیر مجید ملک نے وفاقی دارالحکومت کے بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی حکم امتناع کے بعد الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول باضابطہ طور پر معطل کر دیا ہے۔
دوران سماعت جسٹس عمیر مجید ملک نے استفسار کیا کہ کیا حلقہ بندیوں کا معاملہ ابھی تک حل نہیں کیا گیا؟ اس موقع پر قاضی عادل عزیز نے عدالت کے روبرو مؤقف اختیار کیا کہ ایک وارڈ میں محض دو ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، ایسے میں وہاں الیکشن کا انعقاد کیسے ممکن ہوگا؟ جسٹس عمیر مجید ملک نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن نے 2015 کے قانون کے مطابق حلقہ بندیاں کرنی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کمیشن نے اس معاملے پر وجوہات کے ساتھ تفصیلی آرڈر پاس کر دیا ہے اور کارروائی مکمل کرتے ہوئے چھ مرتبہ یہ مشق کی جا چکی ہے۔ جسٹس عمیر مجید ملک نے ریمارکس دیے کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ پارلیمنٹ اس معاملے پر کیا قانون سازی کرتی ہے، تاہم الیکشن کمیشن کو عدالت کو مطمئن کرنا ہوگا کہ حلقہ بندیوں کا عمل درست طریقے سے مکمل ہو چکا تھا۔
عدالت نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی کئی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن میں شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں یہی معلوم نہیں کہ وہ کس وارڈ کا حصہ ہیں۔ جسٹس عمیر مجید ملک نے نشاندہی کی کہ الیکشن کمیشن کا 14 اکتوبر کا آرڈر موجود ہے جس میں کہا گیا کہ حلقہ بندیاں مکمل ہو گئی ہیں، جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے مؤقف دہرایا کہ مروجہ قانون کے عین مطابق حلقہ بندیاں کی گئی ہیں۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے حکم امتناع میں دو ہفتے کی توسیع کر دی اور کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔
متعلقہ عنوانات
حکومت کا بجلی صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کے اضافی بوجھ سے بچانے کا فیصلہ
26 November 2026
آبنائے ہرمز میں ہماری کارروائیوں سے امریکا شدید دباؤ میں ہے: ایران
26 November 2026
شہرِ قائد میں پانچ سال کے دوران عمارتیں گرنے کے 15 بڑے واقعات
26 November 2026
بجلی 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان
26 November 2026
اسلام آباد میں یکم دسمبر سے نقد لین دین بند کرنے کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری
26 November 2026
مریم نواز کی فائرنگ سے زخمی پولیس افسر کو ویڈیو کال، مکمل علاج کی یقین دہانی
26 November 2026
بیوی پر ذہنی و جسمانی تشدد ظلم، حق مہر بھی ملے گا: لاہور ہائیکورٹ
26 November 2026
بلوچستان میں پی سی ایس امتحانات کے مواقع بڑھانے کا فیصلہ
26 November 2026