یورپی یونین کی جنگ بندی کی اپیلوں کا مقصد یوکرین جنگ کو طول دینا ہے، روسی وزیر خارجہ
Web Desk
4 November 2026
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے یورپی یونین، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے یوکرین میں فوری جنگ بندی اور عارضی معاہدوں کے مطالبات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ برسلز اور مغربی دارالحکومتوں کی اپیلوں کا اصل مقصد خطے میں حقیقی امن قائم کرنا نہیں بلکہ یوکرین کی جنگ کو طول دینا اور کیف حکومت کو مسلح کرنا ہے۔
بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں منعقدہ ‘چوتھی بین الاقوامی یوریشین سیکیورٹی کانفرنس’ کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت دنیا میں ایک نئے اور عادلانہ عالمی نظام کی تشکیل کے اصول طے کرنے کے لیے سنگین بین الاقوامی کشمکش جاری ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یورپی یونین اور نیٹو یوکرین کے بحران کو روس کے خلاف جیو پولیٹیکل اور فوجی محاذ آرائی کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ لاوروف نے کہا کہ برطانیہ اور فرانس کی جانب سے موجودہ محاذی پوزیشنوں پر لڑائی روکنے اور بین الاقوامی فورسز کی تعیناتی کی تجاویز دراصل یوکرینی حکومت کو تحفظ اور مضبوطی فراہم کرنے کا سیاسی ڈراما ہے۔
سرگئی لاوروف نے خبردار کیا کہ یورپی یونین تیزی سے اپنے بنیادی اقتصادی اور سماجی مقاصد سے ہٹ کر روس اور بیلاروس کے خلاف ایک جارحانہ فوجی اتحاد کی شکل اختیار کر رہی ہے۔ اس موقع پر جاپانی دفاعی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹوکیو وزیراعظم سانائے تاکائچی کی قیادت میں اپنے تین غیر ایٹمی اصولوں سے انحراف کا سوچ رہا ہے، جبکہ جاپان کو ہیروشیما اور ناگاساکی پر امریکی ایٹمی حملوں کا تاریخی سبق نہیں بھولنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ روس خودمختاری اور برابری کی بنیاد پر مغربی ممالک سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، لیکن وہ کسی پر بات چیت مسلط نہیں کرے گا۔
متعلقہ عنوانات
امریکی عوام نے جنگ کے خلاف فیصلہ دے دیا: سپیکر ایرانی پارلیمنٹ
4 November 2026
امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست کا سامنا، ڈیموکریٹ پارٹی واضح اکثریت سے کامیابی کی جانب گامزن
4 November 2026
بریت کے باوجود پولیس بھرتی سے نااہلی غیر قانونی قرار، 6 اہم اصول طے
4 November 2026
وزیراعظم آزاد کشمیر کا راولاکوٹ میں امن و امان اور انتظامی امور کا جائزہ
4 November 2026
مڈٹرم الیکشن کے نتائج قبول، ایران جنگ اور مہنگائی ریپبلکنز کی شکست کی وجہ بنی: ٹرمپ
4 November 2026
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کا مثبت رحجان
4 November 2026
ایران پر حملے کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں: امریکی صدر ٹرمپ
4 November 2026
10 یورپی ممالک کا یوکرین کی حمایت میں پولینڈ میں مشترکہ فوجی مشقوں کا اعلان
4 November 2026