سپریم کورٹ: ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ کی سزائیں معطل، ضمانت پر رہائی کا حکم
Web Desk
17 September 2026
سپریم کورٹ نے معروف وکیل ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ ایڈووکیٹ کی سزا معطلی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے دونوں کی سزائیں معطل کر دیں اور اسلام آباد ہائی کورٹ کا حتمی فیصلہ آنے تک ۲,۰۰,۰۰۰ (دو لاکھ) روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا ہے۔ جسٹس نعیم اختر افغان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران جسٹس نعیم اختر افغان نے اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ “دونوں وکیل ہیں، ہم ان کی عزت رکھ رہے ہیں، انہیں بھی کہیں کہ عدالت کے ڈیکورم کا خیال رکھیں، ایک وکیل اور عام آدمی میں فرق ہوتا ہے”۔
سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل فیصل صدیقی نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ نے ۱۲ مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کو سزا معطلی کی درخواستوں پر ۲ ہفتوں میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم ۲۶ مئی کی مقررہ مدت گزرنے کے باوجود معاملہ التوا کا شکار رہا اور ہائیکورٹ میں کیس بار بار ملتوی ہوتا رہا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ہائیکورٹ رجسٹرار آفس نے جلد سماعت کی درخواست بھی مسترد کر دی تھی۔ دلائل کے دوران سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے ریمارکس کا حوالہ دیا گیا کہ کیس صرف جج یا وکیل کے انتقال پر ملتوی ہونا چاہیے۔ ہائیکورٹ کے التوا پر وکیل کے تعجب کا اظہار کرنے پر بینچ کے رکن جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ “آج کل سرپرائزز کا ہی دور ہے”۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ۲۴ جنوری ۲۰۲۶ء کو سوشل میڈیا پوسٹس کے مقدمے میں ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو پیکا (PECA) کی مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر ۱۷، ۱۷ سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی تھی۔ اس فیصلے کے خلاف ۷ فروری ۲۰۲۶ء کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا تھا، جہاں سے ریلیف نہ ملنے اور التوا کے باعث درخواست گزاروں نے دوبارہ سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا، جس پر اعلیٰ عدالت نے سزائیں معطل کرتے ہوئے دونوں کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
متعلقہ عنوانات
امریکا میں تربیتی مشق کے دوران ایف 16 طیارہ گر کر تباہ
18 September 2026
اسلام آباد میں احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر پولیس اہلکاروں کی چھٹیوں پر پابندی
18 September 2026
اسلام آباد میں احتجاج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں: محسن نقوی
18 September 2026
پٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام کی مشکلات بڑھا رہا ہے، گورنر خیبر پختونخوا
18 September 2026
کوہاٹ پولیس لائنز میں دھماکہ،15افراد شہید،25 افراد زخمی
18 September 2026
اسلام آباد ہائیکورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا؛ بنیادی حقوق پر آئینی توازن قائم رکھنے کا حکم
18 September 2026
ایران سے ڈیل ہو نہ ہو، جنگ میں جیت امریکا کی ہوگی: ٹرمپ
18 September 2026
چھوٹے کاروباروں کے لیے شریعہ کمپلائنٹ ڈیجیٹل فنانسنگ کی منظوری
18 September 2026