اوپیک پلس نے ستمبر میں تیل کی پیداوار بڑھانے کی منظوری دے دی
Web Desk
2 August 2026
اوپیک پلس (OPEC+) نے عالمی منڈی میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیشِ نظر ستمبر 2026 سے تیل کی پیداوار میں یومیہ تقریباً 1 لاکھ 88 ہزار بیرل اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس اہم فیصلے پر تنظیم کے 7 بنیادی رکن ممالک—سعودی عرب، روس، عراق، کویت، الجزائر، قازقستان اور عمان—نے باقاعدہ اتفاق کیا ہے۔ اس اقدام کے ساتھ ہی 2023 میں نافذ کی گئی 16 لاکھ 50 ہزار بیرل یومیہ کی رضاکارانہ کٹوتی کو مرحلہ وار ختم کرنے کے منصوبے کا آخری مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات پہلے اس گروپ کا حصہ تھا، تاہم وہ رواں سال مئی میں اس سے علیحدہ ہو چکا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران اور یوکرین میں جاری جنگی تنازعات کے باعث خلیجی خطے، روس اور قازقستان سے ایندھن کی عالمی برآمدات شدید متاثر رہیں، جس کی وجہ سے اوپیک پلس کے ماضی میں کیے گئے ماہانہ پیداواری اضافوں کے اثرات عالمی منڈی پر محدود نظر آئے۔ اجلاس کے دوران توانائی کے تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ رضاکارانہ کٹوٹیاں مکمل طور پر ختم ہونے کے بعد تنظیم کے لیے اصل چیلنج برآمدات معمول پر آنے پر اضافی رسد کو سنبھالنا ہوگا۔ دوسری جانب، اوپیک پلس کی مشترکہ وزارتی نگرانی کمیٹی (JMMC) کے اجلاس میں جنگی کشیدگی کے باعث ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر ہونے والے حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، کیونکہ ان تنصیبات کی مرمت انتہائی مہنگی اور وقت طلب ہوتی ہے جس سے سپلائی چین متاثر ہوتی ہے۔ ستمبر کے اس اضافے کے باوجود 2022 میں لاگو کی گئی 20 لاکھ بیرل یومیہ کی دیگر پیداواری کٹوتی سال کے اختتام تک برقرار رہے گی، جبکہ بنیادی 7 ارکان کا اگلا اجلاس 6 ستمبر کو ہونا طے پایا ہے۔
متعلقہ عنوانات
یہ مشن آخری نہیں بلکہ مزید مشترکہ کام بھی ہوں گے: خلا باز ذیشان علی
24 November 2026
وزیر اعلیٰ پنجاب کی سکھ برادری کو بابا گورونانک کے جنم دن کی مبارکباد
24 November 2026
لاپتہ خواتین کی بازیابی کیلئے مخصوص انویسٹی گیشن ٹیمیں بنانے کا حکم
24 November 2026
نجی زمین پر قائم قبر کا مزار بن جانے سے ملکیت اوقاف کی نہیں بن جاتی: سپریم کورٹ
24 November 2026
وزیراعظم شہباز شریف نے وزرا کی جانب سے حالیہ بیان بازی کا نوٹس لے لیا
24 November 2026
سال 2026 کی تیسری اور آخری قومی انسدادِ پولیو مہم 12 سے 18 دسمبر تک ملک بھر میں چلائی جائے گی
24 November 2026
جنوبی پنجاب میں خشک سالی کا خدشہ؛ پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
24 November 2026
نیویارک: ٹرمپ کے قتل کی مبینہ سازش کے مقدمے میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 27 سال سے زائد قید کی سزا
24 November 2026